کراچی (سٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ نے تعلقہ ہالہ قاسم آباد میں دریا کی زمین الاٹمنٹ سے متعلق وکلا کو تیاری اوراراضی تنازع پرعدالتوں کے فیصلوں کو کیس سے منسلک کرنے کا حکم دیدیا،بدھ کوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں دو رکنی بینچ نے تعلقہ ہالہ قاسم آباد میں دریا کی زمین الاٹمنٹ کے کیس کی سماعت کی،وکلا کی تیاری نہ ہونے پرجسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے اظہارناراضی کیا اور ریمارکس دیئے کہ وکلا فائلیں تک پڑھ کرنہیں آرہے ،کیس کیسے چلائیں،متعلقہ دستاویزات کیس سے منسلک نہ کرنے پرجسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے برہمی کا اظہارکیا،عدالت نے شعاع النبی اورمکیش کمارکو تیاری کرنیکی ہدایت کردی،عدالت نے 30 روزمیں تمام ترمتعلقہ دستاویزات کیس سے منسلک کرنیکی بھی ہدایت کردی،جنت بی بی نے بتایا کہ تعلقہ ہالہ دریا کی اراضی نسلوں سے ہمارے پاس تھی،محکمہ جنگلات نے ہماری اراضی پردعویٰ دائرکردیا،عدالت نے اراضی تنازع پرعدالتوں کے فیصلوں کو کیس سے منسلک کرنیکا حکم دیا،علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے پولیس افسرکی جانب سے جعلسازی اورریکارڈ میں ردوبدل سے متعلق سروس ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف اے ایس آئی سہراب خان کی درخواست مسترد کردی،بدھ کوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس قاضی فائز عیسی ٰاورجسٹس امین الدین پرمشتمل بینچ نے سماعت کی،پراسیکیوٹرسعادت رضوی نے مؤقف دیا کہ اے ایس آئی سہراب خان نے ریکارڈ ٹیمپرکرکے تاریخ پیدائش بدل دی،تاریخ پیدائش 1965 کو بدل کر1960 کردیا گیا،سہراب خان کو 2014 میں ڈی ایس پی کی عہدے پرترقی ملی، زیادہ سے زیادہ مراعات لینے کیلئے تاریخ پیدائش کو پھر1965 کردیا گیا،فرانزک رپورٹ کے مطابق ریکارڈ میں تین دفعہ ترمیم کی گئی،سروس ٹریبونل نے قراردیا کہ سہراب خان نے جعلسازی کی ،سہراب خان کیخلاف میٹھادرتھانہ میں مقدمہ درج ہوچکا ہے ۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے نان کسٹمز پیڈ گاڑیاں ریلیز کرنے سے متعلق ڈی جی انٹیلی جنس انوسٹی گیشن کی 14 درخواستوں پر کسٹمز کے وکیل کو مہلت دیدی، کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بینچ نے سماعت کی، عدالت نے سماعت اگلے سیشن تک ملتوی کردی۔