لاہور (جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے نامزد امیدوار چودھری پرویز الٰہی بطور سپیکر بھی ہسپتالوں کے مسائل کے حوالے سے رابطہ رکھتے ہیں اور انکے وزیر اعلیٰ بننے سے شعبہ صحت میں مزید بہتری آئی گی۔راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا اتحاد بھی عجیب ہے ، بلاول دراصل زرداری کے بیٹے ہیں اگر وہ بینظیر بھٹو کے بیٹے بنتے تو ان لوگوں سے ہاتھ نہ ملاتے جنہوں نے انکی والدہ اور نصرت بھٹو کی قابل اعتراض تصاویر عوام میں پھلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی ہمارے اتحادی ہیں، سپیکر کے طور پر بہترین خدمات سرانجام دیں اور سب سے زیادہ قوانین پنجاب اسمبلی نے پاس کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد سے ہم گھبرائے نہیں، جس دن عدم اعتماد کا ووٹ ہو گا اسی دن اصل نمبر گیم کا پتا چلے گا۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ مریم (نواز) بی بی کو اپنی نظر چیک کرانی چاہئے کیونکہ 27 مارچ کو لاکھوں افراد وزیراعظم عمران خان کے جلسہ عام میں شریک ہوئے مگر انہوں نے کہا کہ 10 ہزار افراد بھی موجود نہ تھے ۔