ملتان،واشنگٹن(سپیشل رپورٹر ،نیٹ نیوز) گستا خانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ تفصیل کے مطابق ملتان آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن کی کال پر فرانس کے ملعون صدر کی طرف سے گستاخانہ خاکے شائع کرنے کے خلاف پاور لومز انڈسٹری کی مکمل ہڑتال کی گئی ، صبح 10بجے چوک منظور آباد پر ایک ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی، شرکانے پلے کارڈز، جھنڈے اور فرانس کے صدر کے بینرز اٹھا رکھے تھے ،دیگر کئی شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں ،دریں اثنافرانسیسی صدر ایمانوئل میکغوں نے نیویارک ٹائمز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ جب میں بعض اخبارات کی جانب سے اس تشدد کو جائز اورفرانس کونسل پرست اور اسلامو فوبک قرار دیتے ہوئے دیکھتا ہوں تو تشویش ہوتی ہے پھرمیں کہتا ہوں کہ بانی اصول ختم ہوگئے ہیں۔ " اپنے شاگردوں کو خاکے دکھانے پر قتل ہونے والے ٹیچر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے میکغوں نے فرانس کے سیکولرازم کے سخت برانڈ اور اس کی طنزیوں کی طویل روایت کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ مختلف ثقافتوں کے لئے احترام کے باوجود میں اپنے قوانین کو تبدیل نہیں کروں گا،میکغوں نے کہا یورپ میں ہماری نسل کی جنگ ہماری آزادیوں کی لڑائی ہوگی۔