مالم جبہ (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی جانب سے دو مرتبہ سرمائی اولمپکس میں شرکت کرنے والے محمد کریم نے مالم جبہ سکی ریسورٹ پر منعقد ہونے والی بارہو یں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی سکی چیمپئن شپ کی سلالم اور جائنٹ سلالم کی دونوں کٹیگریز میں گولڈ میڈلزحاصل کرکے پاک فضائیہ کو چیمپئن شپ ٹرافی کا حقداربنادیا۔ وہ دونوں مقابلوں میں بھرپور فارم میں نظر آئے اور واضح فرق سے اپنے حریفوں کو شکست دی۔ انکے آبائی علاقے سے تعلق رکھنے والے سابق اولمپین محمد عباس نے سلالم کیکٹگری میں سلور میڈل جیت لیا۔ گلگت بلتستان سکاؤٹس کے میر نواز نے جائنٹ سلالم میں سلور میڈل حاصل کرکے اپنی ٹیم کو اس چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن پر پہنچا دیا۔ سرمائی کھیلوں کے ملکی کلینڈر میں شامل یہ شاندار مقابلے پہلی مرتبہ مالم جبہ میں منعقد ہو رہے ہیں۔ ملک بھر سے کئی سکی ایسوی ایشنز کے سکئیرز نے ان مقابلوں میں حصہ لیا۔ اس چیمپئن شپ کو دیکھنے کے لئے سکی کے شائقین کی کثیر تعداد سوات پہنچی۔ بعدازاں اسی دن کھیلے جانے والے شاہ خان سکی کپ میں بھی پاک فضائیہ کی ٹیم فاتح رہی۔