پشاور،چارسدہ،چیچہ وطنی،شاہ کوٹ(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،نمائندگان 92 نیوز) چارسدہ میں واقعات میں باپ،3بیٹوں سمیت 7افراد قتل،12زخمی ہو گئے جبکہ دیگر واقعات میں 2شہری مارے گئے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ چارسدہ تھانہ سٹی کی حدود حسین آباد میں اراضی تنازع پر فائرنگ ہوگئی جس کے نتیجہ میں 3افرادجاں بحق اور9زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے 2کی حالت تشویشناک ہے ۔درہ آدم خیل قوم بوستی خیل سرہ میلہ کے دو فریقین نے درہ بازار میں گالم گلوچ کے بعد ملک یعقوب بوستی خیل کے گھر کے سامنے گاڑیاں آمنے سامنے روک کر فائرنگ شروع کردی،جس کے نتیجے میں عبدالرحمان اپنے 3 بیٹوں سمیت جان بحق ہوا جبکہ مخالف فریق کے دو افراد زخمی ہو گئے ،درہ آدم خیل میں خاصہ دار فورس کے افسر مجیب آفریدی کے مطابق دونوں فریقین کا آپس میں زمین کا تنازع چلا آرہا تھا، گزشتہ روز بوستی خیل ملک یعقوب کے گھر سامنے دونوں فریقین نے گاڑیاں روک کر ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں عبدالرحمان اپنے 3 بیٹوں سمیت موقع پرجان بحق ہوا، مقتول عبدالرحمان کے بیٹوں کے نام سعید، نوید،اور فرید جبکہ دوسرے فریق کے زخمیوں میں ملک زر محمد اور نظر محمد شامل ہیں۔ جو کے ڈی اے کوہاٹ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ چیچہ وطنی گاؤں 165-A/9-L کلالی کے رہائشی شہزاد نے 112/EB اڈا پر دکان بنا رکھی تھی جہاں اشرف بھٹی اور عبدالغفار اس سے ملنے کیلئے آئے ہوئے تھے کہ دیرینہ دشمنی پر اصغر عرف ماندو نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ان پر فائرنگ کر دی جس سے شہزاد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اشرف بھٹی اور عبدالغفار زخمی ہو گئے جن کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے ۔ دریں اثنا شاہ کوٹ شہر کی وارڈ نمبر15کے رہائشی غیر شادی شدہ 70سالہ نابینا شخص محمد شریف نے ڈیرہ غازیخاں کے علاقہ میں اپنی آنکھوں کے علاج کیلئے ملکیتی اراضی بیچ کر 8لاکھ روپے کی رقم بطور امانت ملزم کرم دین کے اکاؤنٹ میں جمع کروا دی،رقم کی واپسی کے تقاضا پر ملزم نے مقتول محمد شریف کو بہانے سے اپنی موٹر سائیکل پر بٹھا کر قریبی نہر میں غوطے دے دیکرابدی نیند سلا دیا،پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔