اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر)محمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو کرونا وائرس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدبیر بہت ضروری ہے ، گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث ملک کھیلوں کی سرگرمیوں کو معطل کرنا کھلاڑیوں اور عوام کے مفاد میں ہے ، انہوں نے کہا کہ کھلاڑی قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی جان و مال کا تحفظ کرناحکومت کی ذمہ داری میں شامل ہے ، انہوں نے کھلاڑیوں سمیت عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اپنے گھروں سے غیر ضروری طور باہر نہ نکلیں اس سے نہ صرف حکومت بلکہ ہمارا بھی فائدہ ہے ، اکرم ساہی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے باعث ملک اور کھیلوں کا نقصان تو ضرور ہو رہا ہے لیکن کھیلوں کی سرگرمیوں کو معطل حکومت کی مجبوری تھی کیونکہ اگر کھلاڑی ہوگا تو کھیلیں بھی ہونگے ، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس سلسلہ میں صبر اور تحمل سے کام لینے کیساتھ ساتھ کرونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہوگا۔