تم کون ہو! جو میرے ملک کا امن تباہ کر رہے ہو۔ تم کون ہو جو میرے ملک کی ترقی کی رفتار کو روکنا چاہتے ہو۔ تم کون ہو جو میرے ملک کے دوستوں کو دور کرنا چاہتے ہو تم کون ہو جو میرے ملک کے جوانوں کو میرے ملک کے شہریوں کو اور دوست ممالک کے باشندوں کو جو میرے ملک میں تعمیر و ترقی کی رفتار بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں ان کو نشانہ بنا کر ان کو خوف زدہ کرتے ہو تم قاتل ہو تم ظالم ہو تم درندے ہو تم تو مسلمان بھی نہیں ہو ،جو ماہ مقدس کی بابرکت ساعتوں میں بھی نیکی سے کوسوں دور ہو ،یہ مقدس و محترم ماہ صیام تو امن و آشتی کا پیغام لے کر آتا ہے اس میں تو شیطان کو بھی قید کر دیا جاتا ہے اس ماہِ مقدس کے محدود ایام میں تو غیر مسلم بھی روزہ داروں کا احترام کرتے ہیں دوسرے مذاہبِ کے لوگ بھی اس مقدس ماہ کے احترام میں مسلمانوں کی دل آزاری نہیں کرتے لیکن تم شیطان سے بھی بڑھ کر ہو تمہیں تو رمضان کے احترام کا بھی ادراک نہیں ہاں تم دہشت گرد ہو تم کسی کے آلہ کار ہو تم دولتِ کے پجاری ہو تم دشمن کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہو تم تو انسان کہلانے کے لائق بھی نہیں ہو تمہاری دنیا بھی برباد ہے اور تمہاری آخرت بھی برباد ہے۔ تم دشمن کے ہاتھوں میں کھلونا بن کر معصوم بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہو اب تم نے ہمارے ملک کی ترقی کی بنیادیں مضبوط کرنے والے ہمارے پڑوسی ملک چین کے باشندوں کو بھی ٹارگٹ کیا ہے ۔ چین کو تم بددل کرنا چاہتے ہو جس کی دوستی پاکستان کے ساتھ کوہ ہمالیہ سے بلند ہے جس کی دوستی چٹانوں سے بھی زیادہ مضبوط ہے تم پاکستان کے اس دوست کو پاکستان سے خفا نہیں کر سکتے ،اس کے باشندوں کی جان لے کر بھی تم اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے تم گمنام اور نامراد و ناکام ہی رہو گے۔ تمہاری نسلیں بھی تم کو یاد نہیں کریں گی لیکن چین کے ان باشندوں کا تذکرہ پاکستان کی تاریخ میں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اور پاکستان کے عوام کے قلوب و اذہان میں زندہ رہے گا۔ تم نے شانگلہ میں بزدل دشمن کی طرح وار کیا ہے۔ اگر ہمت ہوتی اگر بہادر ہوتے تو سامنے آ کر مقابلہ کرتے لیکن تم تو اس قابل بھی نہیں ہو کہ تمہارا کوئی نام رکھا جا سکیتماری مذموم کوششیں ناکام ہوں گی پاکستان ترقی کرے گا پاکستان کے دوستوں کا خون رائیگاں نہیں جاے گا۔ شانگلہ بشام میں چائنیز کی گاڑی پر خودکش حملہ کیا جس میں ہمارے پانچ چائنیز دوستوں سمیت چھ افراد ہلاکہوئے۔ یہ ہمارے دوست چائنیز انجینئرز اپنی گاڑی میں اسلام آباد سے داسو کوہستان جا رہے تھے کہ شانگلہ بشام لاہور نالہ کے مقام پر گاڑی خود کش حملے کا شکار ہوئی۔ حادثہ میں شاہراہ قراقرم پر دوسری جانب سے آنے والی بارود سے بھری گاڑی چائنیز کی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی گہری کھائی میں جاگری اور گاڑی میں موجود چھ افراد ہلاک ہو گئے جن میں ایک پاکستانی ڈرائیور اور پانچ چائنیز شہری شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا جبکہ شاہراہ قراقرم کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔ تمیں داسو ڈیم کی تعمیر کا درد ہے کیونکہ داسو کوہستان ایک بڑے ڈیم کی جگہ ہے اس علاقے میں ماضی میں بھی حملے کیے گئے ہیں۔سال 2021ء میں ایک بس میں ہونے والے دھماکے میں نو چینی شہریوں سمیت 13 افراد ہلاک ہوئے تھے لیکن پھر بھی داسو ڈیم کے منصوبے پر کام جاری ہے اور ان شاء اللہ جاری رہے گا یہ روکے گا نہیں ،صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور، وزیراعلی پنجاب مریم نواز‘ بلاول بھٹو‘ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان‘ جماعت اسلامی‘ تحریک انصاف نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کو ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ دریں اثناء سکیورٹی فورسز نے تربت میں پاک بحریہ کے ائیر بیس پی این ایس صدیق پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام بنادی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے تربت میں پاک بحریہ کے ائیر بیس پی این ایس صدیق پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام بنائی جس میں فورسز نے اثاثوں کی حفاظت یقینی بناتے ہوئے بروقت اور موثر جواب دیا۔ ائیربیس پی این ایس صدیق تربت پر حملہ 25 اور 26 مارچ کی درمیانی شب کیا گیا۔ بحری دستوں کی مدد کے لیے ارد گرد موجود سکیورٹی فورسز کو فوری متحرک کیا گیا۔ مشترکہ کلیئرنس آپریشن میں چاروں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی بلوچستان کے سپاہی نعمان فرید شہید ہوئے، 24 سالہ سپاہی نعمان فرید شہید کا تعلق مظفرگڑھ سے ہے۔ تربت حملے میں شہید ہونے والے سپاہی نعمان فرید کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ ہیڈ کوارٹرز فرنٹیئر کور بلوچستان میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ ہم تمہیں بتانا چاہتے ہیں کہ ہمارے شہدا کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔