ملک بھر میں ہفتہ کے روز یوم پاکستان انتہائی ملی جوش و جذبہ سے منایا گیا اور پاکستان سمیت آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں 23مارچ یوم پاکستان کی تقاریب منعقد کی گئیں۔ یوم پاکستان کی سب سے بڑی تقریب شکرپڑیاں گرائونڈ میں مسلح افواج کی پریڈ تھی جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری تھے ‘ وزیر اعظم شہباز شریف ، چاروں صوبائی گورنروں ‘ وزرائے اعلیٰ و وفاقی وزراء سپیکر اور دیگر اہم شخصیات نے پریڈ دیکھی۔ یوم پاکستان کے دن وفاقی دارالحکومت الام آباد میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21‘21توپوں کی سلامی ہمارے اس قومی عزم کی عکاسی ہے کہ ہماری مسلح افواج مادر وطن کے دفاع سے غافل نہیں ہیں۔ یہ ہمارے اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پوری قوم یوم پاکستان کی روح کے مطابق جمہوریت‘ انصاف اور مساوات کے اپنے عزم پر قائم ہے ۔ اس میں شبہ نہیں کہ23مارچ 1940ء کی قرار داد کی منظوری ملکی تاریخ کی وہ بنیاد ہے جس پر ہم نئے عزم کے ساتھ خوشحال پاکستان کی عمارت تعمیر کر سکتے ہیں۔ لہذا یوم پاکستان ہم سے اس عہد کو تقاضا کرتا ہے کہ وسیع تر قومی مفاد میں ہم اپنے اختلافات بھلا کر ملکی دفاع ،ترقی اور خوشحالی کے لئے متحد ہو کر کام کرتے رہیں گے اور پاکستان کو قائد کے خواب کے مطابق عظیم سے عظیم تر بنانے کے لئے مضبوط ارادے کے ساتھ اپنی تمام تر توانائیوں اور صلاحیتوں کو ملک کے مجموعی مفاد کے حصول کے لئے خرچ کریں گے۔