وزیر اعظم عمران خان کو الیکٹرک ووٹنگ مشین کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے الیکٹرک ووٹنگ مشین پر ووٹ ڈالنے کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔دنیا بھر کے کئی ممالک میں الیکٹرک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے ووٹ کاسٹ کئے جاتے ہیں۔ہمارے ہمسائیہ ملک بھارت جس کی آبادی سوا ارب کے قریب ہے وہاں پر بھی الیکٹرک مشین کے ذریعے ووٹ کاسٹ ہوتے ہیںجبکہ پاکستان میں بھی سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ بار کے الیکشنوں میں الیکٹرک مشین استعمال ہوتی ہے۔اس مشین کے ذریعے ووٹ کے عمل کے بعد نہ تو گنتی میں زیادہ وقت صرف ہوتا ہے نہ ووٹ چوری ہونے یا پھر صندوقچی غائب ہونے کا کوئی واویلا کر سکے گا۔اپوزیشن جماعتیں کئی دنوں سے واویلا کر رہی ہیں کہ ای ووٹنگ مشین سے بیٹری چارج نہیں ہو گی یا پھر انٹرنیٹ خراب ہو سکتا ہے حالانکہ اس مشین میں نہ توانٹرنیٹ کی ضرورت ہے نہ ہی سافٹ ویئر کے ہائی جیک ہونے کا کوئی خطرہ ہے صاف ظاہر ہے جب مشین انٹرنیٹ کے ساتھ منسلک ہی نہیں تو پھر ہائی جیک کیسے ہو گی۔وزیر اعظم عمران خان نے اس کا معائنہ کیا ہے، اگلے مرحلے میں چیئرمین سینٹ اور ارکان اسمبلی کو اس کا وزٹ کروایا جائے گا اگر کسی کو کوئی اعتراض ہے تو قانونی ماہرین موقع پر اس کو دور کریں گے لہٰذا اپوزیشن جماعتیں اپنے وفود کو اس مشین کے معائنہ کی اجازت دیں تاکہ آنے والے الیکشن کو فول پروف بنایا جا سکے۔