لاہور( سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے ، منافقانہ مفادات کی سیاست میں سب کے چہرے عیاں ہو گئے ۔ مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور لاقانونیت پی ٹی آئی کی طرف سے عوام کو تحائف ہیں۔ وزیراعظم سرعام الیکشن کمیشن کے قوانین کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں۔ 74سالوں بعد بھی ملک میں میکاولی کی سیاست اور لارڈ میکالے کا نظام تعلیم چل رہا ہے ۔ سیاست دان صبح ایک دوسرے سے لڑتے ہیں، شام کو مفادا ت کے لیے شیروشکر ہو جاتے ہیں۔ عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کا کسی کو خیال نہیں۔ کرپشن اور وعدہ فراموشی کو حکمران اشرافیہ اپنا حق سمجھتی ہے اور چاہتی ہے عوام ان سے سوال نہ کریں، بس ان کے لیے نعرے لگائیں۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنی تحریک کے کارکنان کو مفادات کی سیاست کے لیے ایندھن نہیں بنائیں گے ۔ ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعۃ المحصنات میں طالبات کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ مدارس کے طلبہ و طالبات، اساتذہ حضور پاکؐ کے مشن کے وارث ہیں۔ جہاد کشمیر ہو یا جہاد فلسطین مسلمان خواتین مردوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ پاکستانی خواتین اور خصوصی طور پر مدارس کی طالبات کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اخلاق اور عمل سے گھروں میں تبدیلی لائیں تاکہ یہ تبدیلی معاشرہ کو تبدیل کر سکے ۔امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں طبقاتی نظام تعلیم مسائل کی جڑ ہے ۔ ہمیں اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو پاکستان کو جدید اور اسلامی نظام تعلیم دیں گے ۔ سودی معیشت سے قوم کی جان چھڑائی جائے گی۔ زکوٰۃ و عُشر کے نظام کو رائج کریں گے اور عوام پر لگائے گئے ٹیکسز کو ختم کریں گے ۔