پاکستان میں سمگلروں کے درمیان فائرنگ کو ایران کی سکیورٹی فورسز کی کارروائی قرار دینے کا بھارتی اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ کا پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا ہے۔ پاکستان اور ایران دو برادر مسلم ہمسایہ ممالک ہی نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان صدیوں پر محیط مذہبی، ثقافتی اور معاشرتی مراسم بھی ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ قیام پاکستان کے بعد دنیا میں ایران مملکت نومولود کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک تھا۔ اس کے علاوہ ایران نے ہر مشکل وقت خاص طور پر پاک بھارت جنگوں میں کھل کر پاکستان کی سفارتی اور عسکری حمایت کی۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے بدخواہوں کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان رخنہ ڈالا جائے۔ جہاں تک ایرانی سکیورٹی فورسز کی پاکستانی سرزمین پر کارروائی کے بے بنیاد گمراہ کن پروپیگنڈے کا تعلق ہے تو اس کے پیچھے بھارت اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ کا مقصد پاک ایران گیس پائب لائن منصوبے کو سبوتاژ کرنا بھی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے حال ہی میں عالمی فنڈنگ نہ ملنے کے باوجود اپنے ذرائع سے اپنی سرزمین پر 81کلو میٹر گیس پائپ لائن بچھانے کا فیصلہ کیا ہے جو بھارت سمیت پاکستان اور ایران کے بدخواہوں کو کسی صورت قبول نہیں۔ ان حالات میں ضروری ہو گا کہ پاکستان اور ایران عالمی پروپیگنڈہ کے سدباب کے لئے باہمی تعاون اور سفارتی تعلق کو مزید مضبوط کرنے کے ساتھ دو طرفہ تجارت پر بھر پور توجہ دیں تاکہ دونوں ممالک مشترکہ ترقی کا ہدف حاصل کر سکیں۔