ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے یہ تیسرا کالم ہے پاکستان میں تانبے اور سونے کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔دنیا کی امیر ترین مائننگ کمپنیاں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں کر نے جارہی ہیں۔کیا وجہ ہے کہ وہ تانبے اور سونے کے حصول کے لیے اتنا سرمایہ لگائیں گی۔آج کا کالم اسی سوال کا جواب ہے کہ آج کی جدید ہائی ٹیک دنیا میں سونے اور تانبے کی دھات اتنی اہم کیوں ہے؟کسی بھی ملک کی اصل طاقت اس کی مضبوط معیشت ہے۔ معیشت کی مضبوطی میں اہم نکتہ یہ ہے کہ وہ ملک صعنت و حرفت میں کس مقام پر کھڑا ہے۔ آج چائنہ اگر معاشی سپر پاور کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے تو اس کے پیچھے اس کی انڈسٹریل ریوولوشن ہے۔انڈسٹری کو چلانے کے لیے توانائی کی ضرورت ہے آنے والی دہائیوں میں توانائی حاصل کرنے کے روایتی ذرائع کی بجائے ماحول دوست ذرائع پر انحصار بڑھ رہا ہے۔ جدید دنیا میں ماحولیات سب سے بڑا خطرہ ہے زمین کا درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے موسموں کی ترتیب بگڑ رہی ہے اور سائنس دان سر جوڑ کر بیٹھے ہیں کہ کس طرح توانائی پیدا کرنے والے ایسے ذرائع شروع کیے جائیں جو فضا میں کاربن ڈائی اکسائیڈ کم سے کم خارج کریں۔ماحول کی ڈی کاربنائزہشن ایسا مقصد ہے جس پر جدید دنیا کے ملک کام کر رہے ہیں۔توانائی حاصل کرنے کے روایتی ذرائع جیسے کوئلہاور پیٹرول کے جلانے سے انرجی کا حصول ، اس سارے عمل میں کاربن ڈائی اکسائیڈ فضا میں شامل ہوتی ہے۔ڈی کاربنائزیشن کا یہ عمل ہی ہمیں گرین انرجی کی طرف لے کے جاتا ہے یعنی کہ گرین انرجی کی طرف جس میں کاپر ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تانبا وہ دھات ہے جو گزشتہ 11 ہزار سال سے مسلسل استعمال ہو رہا ہے۔اور اب اس جدید دور میں تانبے پر انحصار اتنا بڑھ رہا ہے کہ اسے مستقبل کی دھات یعنی فیوچر میٹل کہا جا رہا ہے۔2023میں فوربز نے اپنی ویب سائٹ پر تانبے کی اہمیت اور ضرورت پر ایک مضمون شائع کیا جس کا عنوان تھا۔copper :a future metal کیونکہ آنے والے دور کی ہر انڈسٹری میں تانبے کا استعمال ہوگا۔ فطری ذرائع سے توانائی حاصل کرنے کے عمل میں کاپر کا استعمال ہوتا ہے۔دنیا تیزی سے سولر توانائی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ توانائی سورج کی روشنی سے حاصل کریں، سمندر کی لہروں سے یا دریا کے پانی سے ان تمام طریقوں میں کاپر کا استعمال ہوتا ہے۔کاپر ایک بہترین کنڈکٹر ہے۔ یہ ایک ایسی دھات ہے جس سے ری سائیکل بھی کیا جا سکتا ہے۔تانبے کی سب سے زیادہ کھپت اس وقت چین میں ہے اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ دنیا میں گرین انرجی کے حوالے سے سب سے زیادہ کام چین میں ہو رہا ہے۔ 2023 ء میں چائنہ نے 27 ملین ٹن تانبا اپنی انڈسٹری میں استعمال کیا۔2013ء میں امریکہ کی پانچ ریاستوں سے نو بلین ڈالر کی مالیت کے تانبے کے ذخائر نکلے جس سے 50 ہزار نوکریاں پیدا ہوئیں۔پوری دنیا میں انڈسٹری کی ترویج اور ترقی میں کاپر کی بنیادی اہمیت ہے۔ امریکہ میں ایلمونیم اور آئرن کے بعد سب سے زیادہ تانبے کا استعمال کیا جاتا ہے۔ تعمیرات کی صنعت ، ٹیکنالوجی انڈسٹری، دفاعی اور انرجی کی صنعت میں تانبا بنیادی عنصر کے طور پر استعمال ہوتاہے۔ہمارے استعمال ہونے والے ہر قسم کے سمارٹ فون کمپیوٹر ڈیوائسز میں بھی تانبے کا استعمال ہوتا ہے۔چونکہ کاپر کا استعمال انرجی کے نئے گرین ذرائع میں ایک بنیادی حیثیت رکھتا ہے عالمی ادارہ انرجی انٹرنیشنل انرجی ایجنسی نے کہا ہے کہ 2040 تک تانبے کا استعمال دنیا میں دوگنا ہو جائے گا۔کاپر کو نئے ائل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔2050 تک دنیا کی معیشت کے لیے تانبا ایک بنیادی محرک اورکیٹالسٹ کا کردار ادا کرے گا یعنی ایک ایسا عنصر جس کے بغیر کوئی کیمیائی عمل مکمل نہیں ہو سکتا۔اگلی دہائیوں کی تمام معیشت اور صنعت و حرفت اور انرجی سیکٹر تانبے کے استعمال پر منحصر ہے۔ریکوڈک سے تانبے کے ساتھ ساتھ سونے کے بھی وسیع ذخائر موجود ہیں سونے کی قیمتی ہونے کا احساس تو ہم سب کو ہے۔ سونے کا لفظ سنتے ہی ہماری سوچ شادی بیاہ پر پہننے والے زیورات سے آگے نہیں بڑھتی آپ یہ سن کر حیران ہوں گے کہ سونے کا سب سے زیادہ استعمال سپیس کرافٹس میں ہوتا ہے۔خلا میں جانے کے لیے جو بھی مصنوعات بنائی جاتی ہیں اس میں سونے کی دھات کا استعمال کیا جاتا ہے۔سونے کا استعمال ہائی ٹیکنالوجی مصنوعات میں بھی کیا جاتا ہے۔ ہر طرح کے سمارٹ فون کمپیوٹرز اور اس سے ٹیکنیکل سمال ڈیوائسز میں سونے کا استعمال ہوتا ہے ۔صرف امریکہ میں نکلنے والے سونے کا 40 فیصد ہائی ٹیک مصنوعات میں استعمال کیا جاتا ہے۔معدنیات پر ایک امریکی جرنل میں تحریر تھا کہ اگر انسان ستاروں تک پہنچنا چاہتا ہے تو پہلے اسے اپنی زمین کے نیچے چھپے ہوئے سونے کے ذخائر تک پہنچنا ہوگا کیونکہ اس کے بغیر وہ خلا کا سفر ہی نہیں کر سکتا۔ صحت اور دواؤں کی صنعت میں بھی سونے کا استعمال ہو رہا ہے۔جوان بننے کے خواہش مند افراد کی تعداد بھی دنیا میں دن بدن بڑھ رہی ہے خوبصورت نظر انے کے لیے لوگ پلاسٹک سرجری کی طرف جاتے ہیں۔پلاسٹک سرجری میں بھی سونے کا استعمال ہوتا ہے۔اگر ہم یہ کہیں تو بے جا نہیں ہوگا کہ کاسمٹولوجی انڈسٹری میں سونا بنیادی عنصر کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔گولڈ فیشل۔گولڈ سیرم کے نام سے سکن کئیر کی کی مصنوعات بازار میں دستیاب ہیں۔جدید میڈیکل کی دنیا میں بیماریوں کی تشخیص کے لیے استعمال ہونے والے اوزاروں میں بھی سونے کا استعمال ہوتا ہے۔ کینسر کے علاج میں ریڈیو تھراپی ایک عمل ہے جس میں سونے کا استعمال ہوتا ہے۔ قارئین کرام تانبے اور سونے کا جدید دنیا کی ہائی ٹیک انڈسٹری میں استعمال کی یہ ایک ہلکی سی جھلک ہے۔پاکستان قدرت کے مہیا کردہ ان خزانوں کا مالک اس سے پاکستان کی اہمیت کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔ملین ڈالرز سوال یہ ہے کہ پاکستان روشن امکانات کے اس عظیم الشان موڑ پر اپنا کردار کیسے ادا کریگا ۔کیا وہ بیرون ملک سے آئی کمپنیوں سے معاہدے کرنے تک ہی اپنا کردار محدود رکھے گا یا خود بھی صنعت وحرفت کے میدان آگے بڑھیگا۔عقلمندی کا تقاضہ یہ ہے کہ سارے لیموں خریداروں کو نہ بیچ دیں کچھ لیمووں سے خود بھی لیمو نیڈ تیار کریں اور دنیا کو بیچیں۔