نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر(این سی او سی) نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا ویکسین لگوانے کے لئے سینٹرز میں آنے والے کسی بھی فرد کو ویکسین لگائے بغیر واپس نہیں بھیجا جائے گا۔ یہ فیصلہ ان شکایات کے بعد کیا گیا کہ کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے کے لئے سینٹر پر آنے والے افراد سے ان کے عملہ کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ وہ 1166 کا ویکسین لگوانے کا ایس ایم ایس ملنے کے بعد ہی ویکسین سنٹر میں آئیں لیکن اب دوسری خوراک اس کے مقررہ وقت پر ہی لگائی جائے گی۔ ملک میں ویکسینیشن کا عمل اس وقت بھی جاری ہے‘ قریباً5لاکھ افراد کی روزانہ ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔ دوسری پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ پاکستان کو آسٹرازنیکا کی 12لاکھ 30ہزار خوراکیں موصول ہوگئی ہیں۔ اسی طرح آسٹرازینکا ویکسین کی دوسری خوراک کے منتظر بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ تاہم وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عیدالاضحی کے پہلے روز یہ مراکز ایک دن کے لئے بند ہونگے۔این سی او سی کے فیصلہ کی روشنی میں موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ کورونا ویکسینیشن کی دوسری خوراک کے منتظر افراد عید الاضحیٰ سے پہلے اور عید کے پہلے دن کے بعد ایس ایم ایس کا انتظار کئے بغیر سینٹر پر جا ئیں اور دوسری ڈوز لگوا کر اپنی ویکسنیشن کا عمل مکمل کرائیں تاکہ ملک میں جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ آبادی کی ویکسینیشن کا حکو متی ہدف مکمل ہو سکے۔