لاہور(احتشام الحق) پاکستان سپر لیگ سیزن سیون کے دوسرے مرحلے کے لییلاہور کے قذافی سٹیڈیم میں تیاریاں مکمل کر لی گئیں، تماشائیوں کے لئے تمام سٹینڈز کی کرسیاں دھو کر صاف کرنے کے علاوہ واک تھرو گیٹ اور رہنمائی کے لئے بورڈز بھی لگا دئے گئے ۔ گراؤنڈ کے اندر اوپن ایئر اسٹوڈیو تیار کیا گیا ہے ۔اوپن ایئر اسٹوڈیو فار اینڈ بلڈنگ کے نیچے گراؤنڈ کے جنگلے کی اندرونی طرف تیار کیا گیا ہے ، یہ اوپن ایئر سٹوڈیو قذافی سٹیڈیم کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تیار کیا گیا ہے جس میں میچ سے قبل اور بعد میں ماہرین شوز کریں گے ۔قذافی سٹیڈیم گراؤنڈ پر پہلی بار کمنٹری باکس بھی بنایا گیا ہے جس پر ’’ٹرک آرٹ‘‘ کی آرائش کی گئی ہے ۔ بائیو سیکیورببل کے باعث اوپن ایئر سٹوڈیو اور کمنٹری باکس گراؤنڈ کے اندر تیار کیے گئے ہیں تاکہ ماہرین اور کمنٹیٹر بائیو سکیور ببل سے باہر نہ جائیں ۔ سٹیڈیم کے ارد گرد اور ہوٹل سے سٹیڈیم کے روٹ پر مختلف مقامات پر کھلاڑیوں کی تصاویر آویزاں کردی گئی ہیں ۔ سکیورٹی کے پیش نظر پورے روٹ اور سٹیڈیم کے ارد گرد گلیوں میں بھی عارضی فلڈ لائٹس لگا کر پورے علاقہ کو روشن کر دیا گیا ہے ۔ لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی ایس ایل سیون کھیلنے والی تمام چھ ٹیموں نے گزشتہ روز صبح اور رات کے سیشنز میں ٹریننگ کی۔ دوسرا مرحلہ باقاعدہ شروع ہو نے سے ایک روز قبل ٹیمون نے بھر پور ٹریننگ سیشنز کئے ۔ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈئیٹرز نے صبح 11 بجے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ٹریننگ کی۔ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں نے رات سات بجے لائٹس میں ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ٹریننگ کی جبکہ پشاور زلمی اورملتان سلطان کی ٹیموں نے رات سات بجے قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ کی۔