لا ہو ر(کر ائم رپورٹر، سٹاف رپورٹر،نامہ نگار، اپنے رپورٹر سے) پاکستان سپر لیگ ٹی ٹونٹی سیزن سیون کا لاہور میں آج سے آغاز ہو گا سی سی پی او لاہور فیاض دیو کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں،شائقین کرکٹ کی سکیورٹی کے لئے مکمل تیار ہے پی ایس ایل کی سکیورٹی کے لئے پہلے سے زیادہ مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے جس میں آٹھ ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان سکیورٹی پر تعینات ہیں۔دوسری طرف ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان کی ہدایت پر ڈولفن و پی آر یو نے سکیورٹی پلان جاری کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ پی ایس ایل میچز کے دوران روٹ کے مخصوص پوائنٹس پر موجود سرکاری و پرائیویٹ سکولوں میں ایک بجے چھٹی جبکہ نجی دفاتر میں 3 بجے چھٹی کر دی جائے گی۔کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کو ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے انتظامی اقدامات و میونسپل انتظامات پر تفصیلا ًبریفنگ دی ۔چیف ٹریفک آفیسر لاہور منتظر مہدی کا کہنا ہے کہ عوامی سہولت، ٹریفک کی موثر روانی اور شہریوں کی آگاہی کیلئے پی ایس ایل میچز کے دوران جامعہ ٹریفک تشکیل دیا گیا ہے ۔