ایک زمانے کا ذکر ہے، ایک ملڑی اکیڈمی کے سیاہ ڈرل اسکویئر میںعلی ا لصبح زیرِ تربیت کیڈٹس جسمانی مشقوں میں مصروف تھے کہ کچھ گورے دور افقی کونے پر نمودار ہوئے۔ وہیں بلندی پر کھڑے وہ کیڈٹس کو ڈرل کرتے دیکھنے لگے۔نیچے ڈرل سٹاف نے انہیں دیکھا تو کیڈٹس سے کہا،’ صاب،چست ہو جائیں، ’ڈیلیگیشن صاب ‘آپ سب کو دیکھ رہے ہیں‘۔ لڑکوں نے شرارت میںپوچھا ،’ سٹاف، یہ ڈیلیگیشن صاب کیا ہوتاہے؟‘سٹاف نے ایک نظرگوروں پر ڈالی اورترنت بتایا،’ جب گورے لوگ’ وزٹ‘ پرنکلیں تو اُسے ’ڈیلیگیشن صاب‘ کہتے ہیں‘۔ڈیئر ڈیلیگیشن صاب ،برسوں پرانی بات بیٹھے بیٹھے یوں یاد آگئی کہ وطنِ عزیز میں آج آپ جگہ جگہ ایک بار پھر آزاد پھر رہے ہیں۔ایک دن آپ ایک اہم دفتر میں پائے جاتے ہیں تو اگلے روز گوادر کی بندرگاہ پر کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔ اِدھرجاتی عمرہ میںبیٹھے ہیں تو اُدھر لائو لشکر کے ساتھ آپ کی دبنگ انٹری کہیں اور ہو رہی ہے۔بد خواہ کہتے ہیں کہ ’ڈیلیگیشن صاب‘ سے ملنے والوں میں ایک صاحب بہادر وہ بھی ہیںکہ جنہیں اپنے ریاستی سربراہ خط لکھ کر ملاقات کی دعوت دیتے ہیں تو ملنے سے انکار کردیتے ہیں۔بھائی ،عشروںنوکری ہم نے بھی کی ہے۔ اور بہت بڑے’ نوکری باز‘ رہے ہیں۔اب کسی کے ساتھ کس منہ سے گلہ کریں؟ ڈیلیگیشن صاب،وہی کیجئے جو مزاجِ یار میں آئے۔ ہم کون ٹھہرے پوچھنے والے؟آج آپ کومخاطب کرنے کی مگر واحد وجہ آپ کی توجہ خطے میں آپ کے بغل بچے کے حالیہ طرزِ عمل کی طرف دلانا مقصود ہے۔ آپ چاہیں تو اسے شکایت سمجھ لیںیا محض التجا! جناب ، ڈیلیگیشن صاب، ہمارے پڑوس میں جس ملک کو آپ خطے میں اپنا تھانیدار بنانا چاہتے ہیں،بدقسمتی سے صدیوں کی غلامی کے بعد وہ حال ہی میں آسودہ حال ہوا ہے۔ صدیوں پہلے ایک مدبر مگر مکارسیاست دان نے اپنے مصاحبین کو سمجھایا تھا،’ہمسائے کو دشمن جانو، ہمسائے کے ہمسائے کو دوست رکھو۔‘ جناب والا،76برسوں سے ہم تو’ چانکیہ دانش‘ بھگت رہے ہیں،آگے بھی بھگت لیں گے۔مگر بدمعاش نودولتیا معاشروں کے عمومی رویوں کو آپ سے بہترکون جانتا ہے؟ اب دیکھئے، آپ کے پڑوس میں کس قدر نفیس ہمسایہ بستا ہے۔ ایک شہری قتل ہوا، خود وزیرِ اعظم نے معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھا لیا۔ کہا: ہماری خود مختاری کا سوال ہے۔ صرف ایک شخص کے مرنے پر ملکوں ملکوں’ڈیلیگیشن صاب‘ چیخ اٹھے ہیں۔آپ بھی تو اُن میں شامل ہیں۔لیکن ہم جانتے ہیں،یہ اُبال وقتی ہے کہ ہندوستان کی منڈی بہت بڑی ہے۔ دوسری بات یہ کہ آپ کو تو ابھی ابھی پتا چلا ہے کہ انڈین ایجنٹ غیر ملکی سرزمینوں پر قتل کرواتے ہیں، ہم تو برسوں سے جانتے ہیں۔ یہ ٹھیک ہے کچھ خطے میں بدلائو کا اثر تھا، توکچھ ہماری اپنی حماقتیں۔ہمارے ہمسائے کے ساتھ آپ کے موجودہ تزویراتی تعلقات کی نیو سال 1999 ء رکھی گئی ۔اسی سال ہمارے حکمران بھی اس ’گیم پلان‘ میں شامل ہونے کو مرے جا رہے تھے۔ صرف کلنٹن صاحب سے نہیں،بھارتی حکمرانوں سے بھی ذاتی تعلقات استوار کرنے کی خواہش انہیں بے قرار کئے رکھتی ۔ خواہش پوری بھی ہوئی۔ سکیورٹی اداروں سے بالا بالا ریٹائرڈ کمانڈوز کے ذریعے اسامہ کو اغواء کئے جانے کا پلان بنا۔ دوسری طرف بھارتیوں سے ٹریک ٹو کے نام سے خفیہ سفارتکاری کا آغاز ہوا۔ اچھی بات تھی۔ سمت بالکل درست تھی، اگر فیصلے ایک خاندان نہ کرتا، ادارہ جاتی ہوتے۔پھر کارگل ہوگیا۔ ’فاتح کشمیر‘ نے حالا ت ہاتھوں سے نکلتے دیکھے تو آپ کی طرف بھاگے۔ تنہائی میں ملنے پر مصر تھے۔ اکثرخفیہ ملاقاتیں ہی اُن کی پہچان ہیں۔ پھر وقت نے کروٹ لی، اورمیرا وطن ایک اور بحران کا شکار ہو گیا۔جناب،ہمارے ہاں سر اٹھانے والا یہ پہلا بحران نہیں تھا۔ جناب، کہنے دیجئے ،سات عشروں پر محیط ہماری مختصر قومی زندگی کے دوران ہم پر جتنی مصیبتیں اُتریں ، اس میں ضرور ہماری اپنی نا لائقیاں بھی شامل رہیں، مگر روز اوّل سے ہمارے ساتھ آپ کے آج کے اِس کلیدی اتحادی نے بھی کچھ کم نہیںکیا۔آپ نے بھی ہمیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔ آج تنزلی کی جس ڈھلوان پر ہم لڑھکتے سٹکتے اِن حالوں پہنچے ہیں، ڈیلیگیشن صاب ، اب جی چاہتا ہے کہ آپ ہمیں واقعی تنہا چھوڑ دیں۔ ڈیلی گیشن صاب، آپ اور ہم سرد جنگ کے پرانے اتحادی رہے ہیں۔ نائن الیون کے بعد ہم مزید اتحادی بن گئے۔ اس اتحاد کا مزہ ہم آج تک لوٹ رہے ہیں۔ بس ڈیلیگیشن صاب، اب اس مزے سے بھی جی بھر گیا ہے۔یوں تو گزرے تین عشرے ہی عہدِ زیاں کہلائے جانے کے قابل ہیں۔ پچھلا عشرہ تو مگرہمیں توڑ کرگزر گیا ہے۔ آج ہم دنیا بھر میں بھیک مانتے پھر رہے ہیں۔ کوئی مدد کو تیار نہیں۔ پھر آپ اور آپ کے پھیلائے ہوئے اقتصادی نظام سے ہی ہمیں اچانک یوں ریلیف ملتا ہے۔ ڈیلیگیشن صاب،یہ اچانک کیوں ملتا ہے؟ اب کیا کریں آپ ہی کے ملک کے اخبار سٹوریاں چھاپتے اور بے پر کی اڑا رہے ہیں۔ صاب، لوگ آپ پر طرح طرح کے نا معقول الزامات دھرتے ہیں۔کہتے پھر رہے ہیں کہ اس وقت ہمارے ملک میں آپ پھروہی حکمران بندوبست واپس لاناچاہتے ہیں، جس کی آبیاری پچھلے پانچ برسوں میں آپ نے براستہ لندن عالمی ایجنٹوں اور ہمارے ہاں پائے جانے والے اپنے مقامی کارندوں کے ذریعے کی تھی۔ ہم جانتے ہیں آپ چانکیہ دانش کے وارث ملک کے ساتھ مل کر اس کے شمالی ہمسائے کی مشکیں باندھنا چاہتے ہیں۔اس بیچ آپ کو ہمارا تعاون بھی درکار ہے۔ چلئے پھر ہمیں بھی آپ کا تعاون درکار ہے۔ دیکھئے، اہداف سارے درست ہیں۔اب ہم بھی پرُ امن بقائے باہمی کی تلاش میں ہیں۔ لیکن کس قیمت پر؟ آپ کے بارے میں تو ڈیلیگیشن صاب ، مشہور ہے کہ آپ تو مروّت کے ہاتھوں مجبور ہو کر بھی کسی کو مفت میں لنچ نہیں کرواتے۔یادش بخیر،گوادر کی بندرگاہ پر لنچ کیسا رہا؟ وطنِ عزیز میں جاری کشمکش دیکھ کر تو ڈیلیگیشن صاب، انیسویں صدی کا افغانستان یاد آجاتا ہے۔ تب ایک طرف زار تھا تو دوسری طرف وائسرائے۔ کابل پر مسلط کٹھ پتلیوں کے ذریعے کھیلی جانے والی ایک صدی پر محیط’ گریٹ گیم ‘نے ہزاروں بے گناہ انسانوں کا خون پی لیا۔ حاصل حصول؟ بالآخر سال1914 ء کا بقائے باہمی کا معاہدہ!وہی بے رحم کھیل اب بھی جاری ہے۔ بس کھلاڑی بدل گئے ہیں۔ میدان بدل گیا ہے۔ کٹھ پتلیوںکے ذریعے خطے کو قبضے میں رکھنے کی روایت مگر وہی پرانی ہے۔ ڈیلیگیش صاب، آپ کے ہاں دنیا کی بہترین یونیورسٹیاں ہیں۔ کیا وہاں پولیٹیکل سائنس نہیں پڑھائی جاتی؟کیا کروڑوں انسانوں پرکسی کو یوں بھی مسلط کئے جانا ممکن ہے کہ اسی فیصدلوگ جہاں جسے شدت سے نا پسند کرتے ہوں؟آج نہیں تو کل مل ملا کر کوئی ڈھونگ رچا بھی لیا گیا، تو نتیجے میںہم پر مسلط کیا گیا بندوبست کب تک چلے گا؟ ڈیلیگیشن صاب، چھوڑیئے سب ۔اب ہم تو کہتے ہیں آپ ہی ہمارے وائسرائے کا عہدہ قبول کر لیں۔ہم صدیاں وائسرائوں کے نیچے غلامی میں گزارنے کے عادی ہیں۔یقین مانیئے، ہم بہت اچھی رعایا ثابت ہو ں گے۔