لاہور(کلچرل رپورٹر) ڈرامہ سیریل’’ جو تو چاہے ‘‘ کی اچانک بندش سے ناظرین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر بھی طرح طرح کی افواہیں گردش کررہی ہیں۔مومنہ درید پروڈکشن کے اس پراجیکٹ کی کہانی قیصرہ حیات نے تحریر کی ہے جس کے ڈائریکٹر الیاس کشمیری ہیں جبکہ کاسٹ میں سید محسن گیلانی،علیزے شاہ،عمران عباس اور زرنش خان سمیت بہت سے فنکار شامل ہیں۔ڈرامے کا نام پہلے ’’کن فیکون‘‘ تھا جس کے آن ایئر ہوتے ہی لوگوں نے اس کے نام پر اعتراض شروع کردیا جس کے بعد پیمرا نے بھی ہم ٹی وی کو نام تبدیل کرنے کا نوٹس دیا تواسے تبدیل کرکے ’’جو تو چاہے ‘‘ رکھ دیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈرامہ کسی دباؤ کی وجہ سے بند کیا گیا لیکن اسے جلد ہی دوبارہ آن ایئر کیا جائے گا۔ ان دنوں اسلام آباد میں اس کی آخری اقساط کی ریکارڈنگ بھی جاری ہے ۔