صادق آباد؍رحیم یار خان(نامہ نگار؍سٹی رپورٹر؍ خصوصی رپورٹر) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ کٹھ پتلیوں کوسیاست سے فارغ کرنا ہے اور اب سلیکشن نہیں، صاف ستھرے الیکشن کرانا ہوں گے ، پانی کی کمی ہے توسب کو ملکر برداشت کرنا پڑے گا۔صادق آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کٹھ پتلیوں کو سیاست سے فارغ کرنا ہے کیوں کہ نہ صرف نوجوانوں بلکہ صوبوں کا بھی معاشی قتل ہورہا ہے ، سندھ میں بھی ڈاکہ ڈالا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا سب سے زیادہ نقصان پنجاب کا ہوا اور سندھ کے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے تو وزیراعلیٰ حقوق کیلئے لڑتے ہیں لیکن پنجاب میں ایسا نہیں ہوتا، کٹھ پتلی وزیراعلیٰ پنجاب صوبے کیلئے نہیں لڑیں گے تو ہم پنجاب کے حقوق چھین کررہیں گے اور پانی کی کمی ہے توسب کو مل کر برداشت کرنا پڑے گا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا ہم نے اپنی حکومت میں بدترین حالات میں بھی عام آدمی کے معاشی مسائل کاخیال رکھا لیکن اس حکومت کے عوام دشمن بجٹ میں غریب کیلئے تکلیف اور امیر کے لئے ریلیف ہے ، آئی ایم ایف کے بجٹ میں امیروں کیلئے این آر او ہے ۔ قبل ازیں سابق گورنر سید احمد محمود نے کہاکہ پاکستان آج جتنا کمزور ہے ، پہلے کبھی نہ تھا ،پاکستان کے حالات بد سے بد تر ہوتے چلے جارہے ۔ایم پی اے ممتاز احمد چانگ نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ میرے حلقہ میں زراعت کے لئے پانی نہیں اور 70فیصدلوگ بجلی سے محروم ہیں ،تمام ایم پی ایز نے اسمبلی میں آواز اٹھائی جس پر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔