کیلیفورنیا(ویب ڈیسک)سین ڈیاگو میں واقع دنیا کا سب سے خوفناک ترین بھوت بنگلہ ’’میک کامے مینور‘‘ کا دعویٰ ہے کہ جو شخص اس خطرناک بھوت بنگلے کے اندر جا کر وہاں کا مکمل دورہ کرکے واپس آئے گا تو اسے 20 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔ مختلف ممالک میں لوگوں کی تفریح کے لیے بے شمار بھوت بنگلے بنائے گئے ہیں مگر ان سب میں سب سے زیادہ خطرناک بھوت بنگلہ ’’ میک کامے مینور‘‘ ہے ۔ اس بھوت بنگلے کے مالک کا کہنا ہے کہ جو بھی شخص بہادری کے ساتھ اس بھوت بنگلے کا دورہ مکمل کرے گا جس کا دورانیہ 10 گھنٹے ہے اسے 20 ہزار ڈالر انعامی رقم سے نوزا جائے گا۔ ’’میک کامے مینور‘‘ کی ویب سائٹ کے مطابق یہاں آنے والے ہر شخص کو جسمانی و ذہنی چلینج کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہ اس قدر خوفناک ہے کہ یہاں شرکت کرنے والوں کے لیے یہ بے حد خطرناک تجربہ ثابت ہوسکتا ہے جب کہ اس چیلنج میں حصہ لینے والی امیدوار کی عمر 21 سال سے زائد ہونا ضروری ہے ۔ بھوت بنگلے میں آنے والے افراد کو میڈیکل انشورنس ثبوت کے طور پر فراہم کرنا ہوتا ہے جس کے بعد ان سے دستاویزات پر دستخط بھی لیے جاتے ہیں۔ جو افراد ان مراحل کے بعد بھوت بنگلے میں جانے کے اہل ہوتے ہیں انہیں بھوت بنگلے میں جانے سے 2 گھنٹے قبل معلوماتی ویڈیو دکھائی جاتی ہے جس میں بھوت بنگلے کے مالک نے اس کے دورے کے بارے میں تمام تر معلومات بتائی ہوئی ہیں۔