لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ،این این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اکنامک زونز پراجیکٹس کو جلد ازجلد عملی شکل دینے کاحکم دے دیا ۔ وزیراعلیٰ آفس میں سپیشل اکنامک زونز کے قیام پر پیشرفت کاجائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب کو انڈسٹریل حب بنانا میرا مشن ہے ۔پنجاب میں 9اکنامک زونز کے قیام کی منظوری کا عمل مکمل ہے اور عملی اقدامات شروع ہوچکے ہیں۔اکنامک زونز کے قیام سے نہ صرف صنعتی انقلاب آئے گا بلکہ 17لاکھ سے زائد روزگار بھی میسرہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے بتایاکہ اکنامک زونزمیں 807ارب روپے سے زائد سرمایہ کاری متوقع ہے ۔سیکرٹری صنعت نے شرکاء کو سپیشل اکنامک زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے بلدیاتی اداروں کو شہروں اور قصبات میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔انہوں نے واضح کیاکہ ہر شہر او رہر قصبے کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتاہوں، کوتاہی قطعاً برداشت نہیں۔صفائی کی صورتحال میں بہتری کے لئے ممکنہ وسائل فراہم کریں گے ۔صفائی کے لئے درکار مشینری اور دیگر آلات مہیا کئے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ’’بلدیہ آن لائن ایپ‘‘ پر آنے والی شکایات کاازالہ ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی اور بلامقابلہ نو منتخب صدر خواجہ جلال الدین رومی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔بعدازاں وزیر اعلیٰ نے ’’ورلڈ ہارٹ ڈے ‘‘کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ صحت کا خیال رکھنا سنت ہے ،اپنے دل کا خیال کیجئے ۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ نے راولپنڈی کے علاقے میں فائرنگ سے 3خواتین کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے جنوبی وزیرستان کے علاقے میں سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ۔