لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اقتدار کی جنگ میں سارا نقصان ملک کا ہورہا ہے ،سیاسی بحران ختم ہونا چاہئے ،جب وزیر اعظم خود بلدیاتی الیکشن کی مہم چلا رہا ہو تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ عوام نے ان کو مسترد کر دیا، بار بار قانون توڑنے ، الیکشن کمیشن سے جرمانے کی سزا پانے والے باقاعدہ مجرم کو اب وزیر اعظم نہیں ہونا چاہئے ۔ عوام کے وسائل کے ساتھ بلدیاتی مہم چلانے والا وزیراعظم قوم کا اعتماد کھو چکا، اقتدار سے چمٹے رہنے کاکوئی اخلاقی، جمہوری، آئینی جواز نہیں رہا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربند ضلع مانسہرہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر صوبہ عبید الرحمان عباسی، امیر ضلع ڈاکٹر طارق شیرازی اور تحصیل دربند کے امیدوار ذوالفقار خان تنولی بھی موجود تھے ۔سراج الحق نے کہا کہ کاش ہمارے حکمرانوں کو کبھی ادراک ہوجائے کہ عام پاکستانی کو کن مسائل کا سامنا ہے ۔ایوانوں اور محلوں میں براجمان جاگیردار، کرپٹ سرمایہ دار غریب کے درد سر بن گئے ، پاکستان سات دہائیوں سے حقیقی منزل کی تلاش میں ہے ،وقت آگیا ہے کہ عوام ووٹ کی طاقت سے آزمائے ہوئے لوگوں کو گھر کا راستہ دکھائے ۔ کارکنان جماعت اسلامی کا ’’کرپشن فری ،اسلامی پاکستان‘‘ کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔