واشنگٹن( ندیم منظور سلہری سے ) پاکستانی سفارتحانہ واشنگٹن کے زیر اہتمام ایک تقریب میں کانگریس وومن شیلا جیکسن، اسسٹنٹ سیکرٹری خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور ڈونلڈ لو، پاکستان کی پہلی خاتون سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر اور مختلف شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے والی خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے اپنے خطاب میں زندگی کے مختلف شعبہ جات میں پاکستانی اور پاکستانی نژاد امریکی خواتین کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیاربنانا معاشرے کی تبدیلی اور ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار کا حامل ہے ۔ پاکستانی خواتین ہر رکاوٹ کو عبور کرتے ہوئے کامیابیوں کی نئی منزلوں کو چھو رہی ہیں۔ شیلا جیکسن نے کہا جب پاکستانی نژاد خواتین کامیاب ہوتی ہیں تو امریکہ کامیاب ہوتا ہے ۔ ڈونلڈ لو نے اپنے ورچول خطاب میں کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے امریکہ ، پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ نگار جوہر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستانی خواتین آج زندگی کے ہر شعبے میں اپنی منفرد شناخت بنا رہی ہیں۔ تقریب کے دوران ممتاز پاکستانی امریکن خواتین نے اپنی زندگی کے سفر ، تجربات سے آگاہ کیا۔ دیگر مقررین میں امریکی کاروباری شخصیت نبیلہ خٹک، آئی ٹی پروفیشنل نرجس علی ، رکن نیو جرسی جنرل اسمبلی صدف جعفر ، صدر پاکستان امریکن فاؤنڈیشن شمائلہ چوہدری ، وال سٹریٹ جرنل کی نمایاں صحافی سبرینا صدیقی اور ایوارڈ یافتہ مصنفہ حنا خان بھی شامل تھیں۔