نیویارک،کراچی ( ندیم منظور سلہری سے ، آن لائن ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے موسمیاتی تبدیلی ترقی پذیر ممالک کیلئے بڑا چیلنج ہے ، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا شکار ممالک کو فوری مناسب امداد فراہم کرنی چاہیئے ۔نیویارک میں گروپ 77کے وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کی معیشت کو گلوبل وارمنگ کی وجہ سے بڑے پیمانے پر سیلاب کی تباہ کاریوں نے نگل لیا ہے ، ہم اپنے دوستوں کے شکر گزار ہیں وہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے ہماری مدد کر رہے ہیں اور اس مشکل کی گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، ہم مشترکہ کوششوں کے ذریعے غربت اور عدم مساوات ختم کر سکتے ہیں جس میں عالمی ڈھانچے اور پالیسیوں کو بدلنے کی ضرورت ہے ، اگر ہم ایک پائیدار اور مستحکم عالمی معیشت کی بروقت منتقلی یقینی بنانا چاہتے ہیں تو پائیدار انفراسٹرکچر (توانائی، نقل و حمل، ہاؤسنگ، صنعت، زراعت) میں سرمایہ کاری کیلئے سالانہ ایک ٹریلین ڈالر کی ضرورت ہو گی، اگر پاک بھارت تعلقات معمول پر آگئے تو وسطی ایشیامیں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا،چین کا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ شاندار ہے ،اس منصوبہ سے پاکستان بھی مستفید ہو رہا ہے ، پاکستان، افغانستان، ازبکستان ریل روڈ مکمل ہونے کے بعد ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ بلاول بھٹو زرداری نے یومِ پشتون ثقافت پر اپنے پیغام میں کہاہے پشتون ثقافت پاکستانی ثقافت کے گلدستے کا ایک خوبصورت پھول ہے ، یہ دن منانے کا مقصد پشتون ثقافت، تہذیب، روایات اور زبان کو اجاگر کرنا ہے ۔