اسلام آباد،کراچی ، پیرس ( خبر نگار خصوصی، جنرل رپورٹر ، نیوزایجنسیاں ) ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید2مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ 358 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 52 ہزار 50 ٹیسٹ کیے گئے ، مثبت کیسز کی شرح 0.68 فیصد رہی۔ مصدقہ متاثرین 1293439، مجموعی اموات 29907 ہوگئیں۔ گذشتہ روز کورونا ویکسین کی 1336509 خوراکیں لگائی گئیں، ابتک ویکسین کی148265690خوراکیں لگائی جا چکیں ۔ پنجاب میں 57 نئے کیس سامنے آئے جبکہ لاہور سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ۔بیرون ملک سے کراچی پہنچنے والے 4 مسافروں کے کورو نا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آگئی ہے ، 2 مسافر برطانیہ اور 2 سعودی عرب سے پہنچے ہیں، چاروں مسافروں کو قرنطینہ سنٹر منتقل کردیا گیا۔ادھردنیا بھر میں کورونا متاثرین 28کروڑ جبکہ ہلاکتیں54.16لاکھ سے تجاوز ہو گئیں۔ فرانس میں مسلسل تیسرے روز بھی ریکارڈ کیس سامنے آئے ، مزید1 لاکھ 4 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے ۔ چین میں 21 ماہ بعد ریکارڈ 206 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔فلسطین کے شہر غزہ میں اومیکرون کا پہلا کیس رپورٹ ہوگیا، نئی دہلی میں آج سے رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا،پابندیوں کے باعث کرسمس کے موقع پر صرف دو روز کے دوران دنیا بھر میں ساڑھے 8 ہزار پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔بھارتی ریاست مہاراشٹر میں 48 بچوں اور تین سٹاف ممبر کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر سکول بند کردیا گیا۔ عمان نے غیر ملکیوں کیلئے کورونا ویکسین کی 2 خوراکیں لازمی قرار دیدیں۔ قطر نے اردن، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت متعدد ممالک کو ریڈ لسٹ میں شامل کرتے ہوئے سفری پابندی عائد کر دیں۔