اسلام آباد ( آن لائن ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اقتصادی راہداری منصوبوں کے تحت اسلام آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اسپیشل اکنامک زون کی تعمیر جلد از جلد شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ اکنامک زون کے قیام سے علاقے میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اسلام آباد چیمبر کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ایک حالیہ اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ جون کے اختتام تک رشکئی ( خیبرپختونخواہ)، دھابجی ( سندھ) اور M-3فیصل آباد کے قریب اسپیشل اکنامک زون کا افتتاح ہو جائے گا جو بہت حوصلہ افزاء ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اسپیشل اکنامک زون کیلئے حکومت نے ابھی تک جگہ کی شناخت نہیں کی اور نہ ہی کوئی زمین خریدی گئی ہے جس سے یہ منصوبہ غیر ضروری تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے ۔ لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اسلام آباد میں اسپیشل اکنامک زون کیلئے جلد جگہ تلاش کرے اوراسلام آباد چیمبر آف کامرس کو اعتماد میں لے کر اس منصوبے کو آگے بڑھایا جائے تا کہ یہ منصوبہ بروقت مکمل ہو کر علاقے کی معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کرے ۔