اسلام آباد،راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی فورسز نے پاکستانی آبادی کو بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا نشانہ بنایا جبکہ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے 3 فوجی ہلاک اور2 زخمی کردیئے ،بھارتی فوج کی چوکیاں بھی تباہ کردیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت نے ایک بارپھر پاکستان کی سول آبادی پر گولے برسا دیئے ۔ ایل او سی کے کھوئی رٹہ اور کوٹ قدیرا سیکٹرز میں بھارتی فورسز نے بلا اشتعال فائرنگ اورگولہ باری کی۔وطن کے محافظوں نے ازلی دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 3 بھارتی فوجیوں کو ہلاک، دو کو زخمی کردیا اور فوجی چوکیاں بھی تباہ کر دیں۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی پوسٹوں کوموثرطورپرنشانہ بناکرجواب دیاگیا۔ایک روز قبل بھی بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کر کے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے پاکستانی شہری محمد مشتاق زخمی ہو اجسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔