کراچی(ایس ایم امین) ان ہاؤس تبدیلی کیلئے قیادت کے گرین سگنل کے باوجود پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان عدم اعتماد کی فضا برقرار ہے ، پی ڈی ایم سے علیحدگی کے بعد دونوں جماعتوں کی بیان بازی قربت میں آڑے آگئی ہے ۔ معتمد ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے بھی ان ہاؤس تبدیلی پر آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ ن لیگ کے قائد نواز شریف پہلے ہی گرین سگنل دے چکے ہیں۔ تاہم اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتیں کسی فارمولے پر متفق نہیں ہوسکی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے معتمد ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی پر عدم اعتماد کی فضا رکاوٹ ہے ۔ ادھر حکومت کے خلاف انتشار کا شکار اپوزیشن جماعتوں کو یکجا کرنے کا بیڑا شہباز شریف اور خورشید شاہ نے اٹھالیا۔ دونوں رہنما اعتماد کی بحالی کیلئے سرگرم ہو گئے اوراپنی جماعتوں کے رہنماؤں کو متنازعہ بیان بازی سے روک دیا ۔ ن لیگ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کو یکجا کرنے کیلئے شہباز شریف اور خورشید شاہ کے مشترکہ اقدامات کو سینئر رہنماؤں کے علاوہ مشترکہ دوستوں کی بھی حمایت حاصل ہے ۔