لاہور(خبرنگارخصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ احتساب سے خوف زدہ نہیں ہم تو اپنی ضمانتیں واپس لے چکے ہیں، موجودہ حکومت سے کبھی ریلیف نہیں مانگا، ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہیں،25 جولائی کو یوم احتجاج میں پیپلز پارٹی بھرپور شرکت کرے گی،اے پی سی کے فیصلوں میں جماعتوں کے ساتھ ہیں، وہ گزشتہ روز چوہدری منظور ، منور انجم، اسلم گل ، عثمان ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ چئیرمین سینٹ کے معاملے پر حکومت کی ہارس ٹریڈنگ کی کوشش میں ناکام رہے گی۔عمران خان کے دورہ امر یکہ سے مایوسی ہوئی ،وہ پاکستان کامقدمہ نہ لڑ سکے ، عمران خان جو کچھ یہاں کہتے رہے وہی کچھ ا مریکہ میں کہا ہے ،احتساب کے ہتھکنڈوں سے کوئی خوف نہیں ہے ،کل تک اپوزیشن کو دعوت دینے والوں سے چند کارکن برداشت نہیں ہورہے ،سیاسی ورمعاشی آزادیاں چھینی جارہی ہیں۔ ہم حالات سے گھبرانے والے نہیں ہم نے اپنی ضمانتوں کی درخواستیں واپس لے لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو گرانا نہیں چاہتے اگر حکومت کو گرانا ہوتا تو اسے قائم ہی نہیں ہونے دیتے ، ن لیگ کے ساتھ ہیں ، امید ہے کہ ن لیگ نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کئے جائیں گے ۔