لاہور،کوئٹہ،نوابشاہ(نامہ نگار خصوصی،صباح نیوز ،بیورو رپورٹ)احتساب عدالت نواب شاہ نے جعلی اسناد بھرتی کیس میں شہید بینظیر آباد کے ڈائریکٹر ایجوکیشن سمیت محکمہ تعلیم کے چار افسران کو پانچ سال قیدکی سزا سنادی، چاروں ملزمان کو جیل منتقل کردیا گیا۔سزا پانے والوں میں ڈائریکٹر ایجوکیشن جلیل احمد لاشاری سمیت ، ڈپٹی سیکرٹری محمد عظیمِ ،ڈی ای او میرپور خاص کملا دیوی اور کیول رام شامل ہیں۔ٹیوٹا موٹرزسکینڈل کے مرکزی ملزم جاوید مظفر بٹ نے ایک ارب روپے کی پلی بارگین کی درخواست جمع کرا دی جس پراحتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چودھری نے وکلا کو بحث کے لیے سولہ ستمبر کو طلب کرلیا ۔احتساب عدالت لاہور نے کسٹمز عدالت سے کیسز منتقل ہونے کے باوجود سے شہری اطہر ناصر کے گھر کا قبضہ نہ چھوڑنے پر ڈی جی نیب لاہور کو 15ستمبر کوایک بار پھر طلب کرلیا ۔احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج منور شاہوانی نے بلوچستان میگا کرپشن کیس میں سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری حافظ عبدالباسط اور سابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ فیصل جمال کو بری کرنے کا حکم دیدیا ،مزیدسماعت 22ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔احتساب عدالت لاہور کے جج شیخ سجاد احمد نے الخیر ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام پر کروڑوں روپے فراڈکے کیس میں ملزمان پرویز اقبال، مبشر اسحاق اور ٹی ایم او افسر تنویر یوسف کے خلاف گواہوں کو شہادتوں کیلئے چھ اکتوبرکو طلب کرلیا ۔احتساب عدالت لاہور کے ایڈمن جج جواد الحسن نے گوجرانولہ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک آصف عظیم فاروقی کے انتقال کے بعد کیس ختم کرنے کا حکم دے دیا۔احتساب عدالت لاہور کے جج اسد علی نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے چھ ملزمان کے خلاف 63 کروڑ روپے کے ریفرنس میں23 ستمبر کو تمام ملزمان محمد الیاس، قیصر محمود،شاہد محمود ،یاسر حیات،محمد سیلم اور نفیس احمد کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کا حکم دے دیا ۔احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ایس ایس پی جنید ارشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں22 ستمبر تک توسیع کرکے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا۔