پشاور ( سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہیکہ جنگ سے کسی کو فائدہ نہیں صرف انسانیت کی تذلیل ہوگی۔انڈیا الزامات کے بجائے ثبوتوں کے ساتھ بات کرے ، ہمیں جنگوں سے نہ ڈرائے ،اقوام متحدہ کے چارٹر کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں مظالم ہورہے ہیں، پاکستان نے انڈیا کو تحقیقات میں تعاون کی پیش کش کی ہے ، ملکی معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے ۔گزشتہ روز پشاور کے جناح کالج برائے خواتین میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنگیں مسائل کا حل نہیں بلکہ اس سے مزید مسائل جنم لیتے ہیں اب تک جتنے بھی جنگیں ہوئی ہیں اس سے کچھ نہیں ملا صرف انسانیت کی تذلیل ہوئی ہے ،تاریخ ہمارے سامنے ہے اور سب کو اس سے سیکھنا چاہیئے ، انہوں نے کہاکہ دنیا میں رہنے کیلئے امن ضروری ہے تاکہ انسانیت امن کی زندگی گزارے ،قبائلی اضلاع میں دہشتگردی سے غیور قبائلی بہت متاثر ہوئے ہیں جس کے اثرات تاحال ان پر ہیں ہم نہیں چاہتے کہ ہم جنگ کریں لیکن جنگ کی صورت میں جواب دینے کو بھی تیار ہیں ، انہوں نے کہاکہ پاکستان امن کا داعی ہے ، بھارت الزام لگانا چھوڑ دے ثبوت کے ساتھ بات کرے ہم پلوامہ واقعہ کی تحقیقات کیلئے بھی تیار ہیں جس کا ذکر وزیر اعظم عمران خان نے بھی کیا ہے ،انہوں نے کہاکہ ہمیں بدنام کرنے کی بجائے خود بھارتی حکومت ایکسپوز ہوگئی۔ انہوں نے کہاکہ اب ملک میں حکمران اور عوام سب جوابدہ ہیں کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہے ۔