لاہور(سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک نالائق اور نااہل حکومت کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا،اس سے نجات ضروری ہے ۔ہم فوری نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ن لیگ موجودہ حکومت کیخلاف ہر تحریک میں ہر اول دستہ ہو گی۔ہم اپوزیشن اتحادی جماعتوں سے ملکر اس حکومت کے خاتمے کیلئے بھرپور اور ملک گیر کوشش کرینگے ۔18 اکتوبر کو مولانا فضل الرحمٰن اور شہباز شریف کی ملاقات کے بعد آزادی مارچ کا حتمی لائحہ عمل دیا جائیگا۔ہم پیپلز پارٹی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کیساتھ رابطے میں ہیں۔ پی ٹی آئی پنجاب کوانتقام کا نشانہ بنارہی ہے ، ہمیں پنجاب بچائو تحریک بھی شروع کرنا پڑیگی۔گزشتہ روزن لیگ پنجاب کے پارٹی عہدیداروں کے اجلاس اوران سے حلف لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کی ہدایت پر پارٹی میں ڈویژن کی سطح کی نئی تنظیم سازی کی گئی ہے ،بہت جلد خالی عہدوں پر تعیناتیاں کرلی جائینگی۔ہماری پارٹی ملکی ترقی کا روڈ میپ رکھتی ہے اور ہم نے اپنا ہر وعدہ پورا کر کے دکھایا۔بجلی کی کمی پوری کرنا اور معیشت کی بحالی ناکام ٹاسک تھا لیکن ناممکن کو ممکن بنا کر دکھایا۔سوا 3 ہزار ارب روپے کے 5 سالوں میں ترقیاتی منصوبے بنائے گئے ۔2018 کے بعد ان ترقیاتی بنیادوں کو منہدم کر کے رکھ دیا ۔اس حکومت کے ہوتے ہوئے پاکستان میں معیشت گری، ایک سال میں ساڑھے 3 فیصد معیشت گرنے کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔آج پھر پاکستان اندھیروں کی جانب جا رہا ہے ۔آج ملک میں جرائم اور لاقانونیت، غربت اور مہنگائی کا دور دورہ ہے ۔پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو برطرف کر کے جمہوریت پر حملہ کیا گیا ہے ۔عدلیہ 58 ہزار منتخب بلدیاتی نمائندوں کو انکا حق واپس دلائے ۔جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کی آئینی تحریک ہم نے ایوان میں جمع کرائی۔ہمارے غیر مشروط تعاون کی پیشکش کے باوجود اسکا مثبت جواب نہیں دیا گیا۔جنوبی پنجاب کی عوام سے دھوکہ کیا گیا۔ن لیگ پنجاب کے سینئر نائب صدر شیخ آفتاب نے کہا کہ پارٹی کو متحد کرکے چلیں گے ۔ اس موقع پراویس لغاری، ملک احمد ،رانا ارشد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔