اسلام آباد،لاہور(آن لائن،نمائندہ خصوصی سے ،کرائم رپورٹر )حکومت نے 14اگست کو بطور یوم یکجہتی کشمیر اور 15کو بھارتی یوم آزادی بطور یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے ۔وزارتداخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق بھارت کے یوم آزادی کے روز ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔دریں اثنا لاہور سے نمائندہ خصوصی سے کے مطابق کشمیریوں پر بھارتی ظلم و بربریت کے معاملہ پر پنجاب حکومت نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے 14 اگست کو یکجہتی کشمیر اور 15 اگست کو بھارتی جارحیت پر یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی ہدایت پر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، آئی جی پنجاب، ڈویژنل کمشنرز ،ڈپٹی کمشنرز ،صوبائی انتظامی سیکرٹریز، رجسٹرار ہائیکورٹ و دیگر کو بھجوائے گئے مراسلہ میں قرار دیا گیا ہے کہ رواں برس بھارتی بربریت کیخلاف یوم آزادی پر کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیاجائے گا جبکہ 15 اگست یوم سیاہ پر صوبہ بھر میں قومی پرچم سر نگوں رہے گا۔کرائم رپورٹر کے مطابق قیدیوں کیلئے بڑی عید سے قبل بڑی خوشخبری آگئی، صدر عارف علوی نے 72 ویں یوم آزادی کے موقع پر 90 دن کی سزا معاف کرنے کا اعلان کردیا ، سزا معافی کا نوٹیفکیشن آئی جی پنجا ب جیل خانہ جات کو بھجوا دیاگیا ہے نوٹیفکیشن کے مطابق65 سال سے زائد العمر قیدیوں پر 90 دن کی عام معافی کا اطلاق ہوگا۔سپرنٹنڈنٹ کیمپ جیل اچھر ہ اسد وڑائچ کا کہنا ہے کہ صبح ساڑھے سات بجے سے 3 بجے تک آنے والے ہر ملاقاتی کو جیل میں قید اپنے پیاروں سے ملایا جارہا ہے ۔