پشاور(نیٹ نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،92نیوز))خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے گزشتہ روز پولنگ ہوئی،رات گئے تک ووٹوں کی گنتی جاری تھی۔غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے تین،جے یوآئی کے تین،اے این پی کا ایک اوردو آزاد امیدوار جیت گئے ۔ضلع صوابی تحصیل رزڑ سے اے این پی کے غلام حقانی 22743ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ۔تحصیل چیئرمین میریان کی سیٹ پرآزاد امیدوارپیر کمال شاہ،بونیر کی تحصیل چیئرمین گدیزئی پرپی ٹی آئی کے شیر عالم خان،بنوں سے جے یو آئی کے ملک مستونگ خان،بنوں کی تحصیل چیئر مین ککی سے پی ٹی آئی کے جنید رشید ،ہنگو کی تحصیل سے آزاد امیدوار عامر غنی،بونیرسے پی ٹی آئی کے سید سالار جہاں ،پشاور کی تحصیل شاہ عالم سے جے یو آئی کے کلیم اللہ اورٹل تحصیل سے جے یو آئی کے امیدوار مفتی عمران کامیاب قرار پائے ۔پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، خیبر، مہمند، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسمٰعیل خان، ہری پور، بونیر، ٹانک اور باجوڑ میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوکرشام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ سٹیشن کے احاطے میں موجود افراد کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی۔قبائلی اضلاع کے عوام نے تاریخ میں پہلی بار بلدیاتی نمائندے منتخب کئے ۔بلدیاتی الیکشن کیلئے ہر ووٹر نے 6 ووٹ کاسٹ کئے ۔میئر سٹی کونسل اور چیئرمین تحصیل کونسل کی نشست کیلئے ووٹر کو سفید جبکہ خواتین کی نشست کے لیے گلابی رنگ کا بیلٹ پیپر دیاگیا۔ مجموعی طور پر ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار862 ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔مرد ووٹرز کی تعداد 70 لاکھ 15 ہزار 767 جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد56 لاکھ 53 ہزار 95 ہے ۔ سٹی میئر اور تحصیل چیئرمین کی نشستوں کیلئے 689 امیدواروں، ویلج اور نیبرہڈ کونسلوں میں جنرل نشستوں پر 19 ہزار 285، خواتین کی نشستوں پر 3 ہزار 870، مزدور کسان کی نشستوں کیلئے 7 ہزار 428، یوتھ نشستوں پر 6 ہزار 11 اور اقلیتی نشستوں پر 293 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوا۔صوبے میں کُل 9 ہزار 223 پولنگ سٹیشنز اور 28 ہزار 892 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ۔4188 پولنگ سٹیشنز کو حساس اور2507 کو حساس ترین قرار دیا گیا ۔بلدیاتی انتخابات کیلئے 77 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ ایف سی اور آرمی کے 10 ہزار جوانوں پر مشتمل کوئیک رسپانس فورس بھی بیک اپ کے طور پر رہی۔ صرف پشاور میں 11 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ۔خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 2 ہزار 32 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ۔جنرل نشستوں پر 217، خواتین نشستوں پر 876، کسان نشستوں پر 285 ، یوتھ نشستوں پر 500 جبکہ اقلیتی نشستوں پر 154 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا بہترین سکیورٹی انتظامات سے بلدیاتی انتخابات پرامن انداز میں ہوئے ۔ پشاور،اسلام آباد(رپورٹنگ ٹیم،نیٹ نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،خصوصی نیوز رپورٹر)خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلہ کیلئے پولنگ کے دوران کئی مقامات پرشدید بد نظمی دیکھنے میں آئی۔بم دھماکے ، کارکنوں میں لڑائی جھگڑے ،پرتشدد واقعات اور فائرنگ کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے ،راکٹ بھی فائرکیاگیا، ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات بھی لگائے گئے ،کئی علاقوں میں بیلٹ پیپرز کو آگ لگا دی گئی ،بیلٹ باکس توڑ دیئے گئے ،درہ آدم خیل میں وفاقی وزیرسائنس اینڈٹیکنالوجی شبلی فراز پر نامعلوم افراد نے پتھراؤکیا جس سے ان کا ڈرائیورا ورمحافظ زخمی ہو گئے تاہم خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے ۔باجوڑ کے علاقے کمر سر ماموند میں سڑک کنارے بم دھماکہ کے نتیجے میں2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ،دھماکہ عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان کی گاڑی کے قریب ہوا۔واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔دھماکہ کی کسی تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔درہ آدم خیل میں وفاقی وزیرسائنس اینڈٹیکنالوجی شبلی فراز پر نامعلوم افراد نے پتھراؤکیا جس سے ان کا ڈرائیورا ورمحافظ زخمی ہو گئے تاہم خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے ۔پولیس کے مطابق وفاقی وزیر اپنے آبائی علاقے کوہاٹ سے پشاور آرہے تھے ،پتھراؤ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے ۔شبلی فراز نے کہامجھ پر فائرنگ ہوئی، الحمدللہ محفوظ ہوں،زخمیوں کو پشاور کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا،نیک خواہشات کا اظہار کرنے پر دوستوں،میڈیا اور تمام لوگوں کا انتہائی مشکور ہوں۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبر پختونخوا سے رپورٹ طلب کرلی۔ وفاقی وزیراطلاعات فوا د چودھری نے ٹویٹ میں کہاملزموں کا جلد سراغ لگالیاجائے گا۔ ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی کے پولنگ سٹیشن پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور4 زخمی ہوگئے ۔جاں بحق افراد میں تحریک انصاف کے ایم این اے شاہد خٹک کے دو چچا زاد بھائی شامل ہیں جبکہ ملزم فرار ہوگئے ،کئی پولنگ سٹیشنز پر جھگڑوں کے باعث ووٹنگ روک دی گئی۔کوہاٹ پولیس سٹیشن کے باہر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔زخہ خیل میں جھگڑے کے دوران راکٹ بھی فائر کیا گیا۔ پشاور کی تحصیل شاہ عالم میں خواتین کے پولنگ سٹیشن پر جھگڑا ہوا۔ گورنمنٹ پرائمری سکول شاہ عالم پولنگ سٹیشن پر بدنظمی اور دھکم پیل میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ۔ گلبہار پولنگ سٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے بعد الیکشن ملتوی کردیا گیا۔ کاکشال اور واحد گڑھی میں بھی ہنگامہ آرائی ہوئی، امیدوار ایک دوسرے پر دھاندلی کا الزام لگاتے رہے ۔ پشتخرہ میں خواتین کے پولنگ سٹیشن میں مرد کی موجودگی پر ہنگامہ آرئی ہوئی، پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ضلع خیبر میں تین مختلف پولنگ سٹیشنز پر بدنظمی اور بھگدڑ کے باعث پولنگ روک دی گئی، مشتعل افراد نے بیلٹ باکس توڑ دئیے ۔تحصیل لنڈی کوتل غفور خان سکول وی سی 6 شیخ مل خیل ون میں بھی بد نظمی اور بھگڈر کی شکایات ملیں۔ لنڈی کوتل 82 میں ووٹرز نے بدنظمی کے دوران بیلٹ باکس توڑ دیا ۔تحصیل جمرود وی سی ون پولنگ سٹیشن پر ووٹر مشتعل ہو کر پولنگ سٹیشن کے اندر داخل ہو گئے اور الیکشن عملے کے خلاف نعرے بازی کی۔جمرود کے گورنمنٹ خان مست کلی سفیر آباد میں خواتین پولنگ سٹیشن پر مبینہ دھاندلی کے الزامات اور بد مزگی کی بنا پر پولنگ روک دی گئی۔ دو امیدواروں کے درمیان لڑائی میں گولیاں چل گئیں۔ چار سدہ میں بھی پولنگ ایجنٹس لڑ پڑے جس سے ووٹنگ کا عمل متاثر ہوا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے گرہ حیات پولنگ سٹیشن میں دو امیدواروں میں لڑائی ہوئی جس سے ایک شخص زخمی ہوگیا، پولیس نے فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ڈیرہ اسماعیل خان قیوم نگر پولنگ سٹیشن پر جعلی ووٹ ڈالنے کی کوشش کرنے والا پکڑا گیا،خیبر تحصیل باڑہ یوسف پولنگ سٹیشن پر فائرنگ کاتبادلہ ہوا۔ لنڈی کوتل بازار ذخہ خیل میں پولنگ سٹیشن میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ بنوں ڈومیل میں دو آزاد امیدواروں کے حامیوں میں جھگڑا ہوا جس کے باعث دو پولنگ سٹیشنز پر ووٹنگ رک گئی۔بنوں کے علاقے نرمی خیل میں رات گئے 3 پولنگ سٹیشنز پرمسلح افراد نے حملہ کر کے پولنگ کا سامان چوری کر لیا۔بنوں میں ہی چھ پولنگ سٹیشنوں کے عملے کو اغوا کرلیا گیا۔بنوں کی تحصیل بکا خیل میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کر دیا گیا،پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔مردان کی تحصیل کاٹلنگ میں چیئرمین شپ الیکشن کے لیے ن لیگ کا امیدوار جے یو آئی ف کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہو گیا۔ بونیرمیں 2گروپوں میں تصادم سے 10افراد زخمی ہوئے ، لکی مروت میں بھی فائرنگ سے 2افراد زخمی ہوئے ۔ہری پور میں پولنگ سٹیشن کوٹ جنداں پر بد نظمی ہوئی۔ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی فائرنگ کے واقعات ہوئے ۔درہ آدم خیل میں ٹی ٹی پی نے انتخابی کیمپ اکھاڑ دئیے اورلوگوں سے کہا بلدیاتی انتخابات میں ووٹ نہ ڈالیں۔مہمند کی تحصیل حلیم دورباخیل میں بھی پولنگ کے دوران بدنظمی کی صورتحال رہی۔ ووٹر زبردستی پولنگ بوتھ کے اندر داخل ہو گئے جس کے باعث پولنگ روک دی گئی۔ گرلز ڈگری کالج میں بھی امیدواروں کے حامیوں نے ہلڑ بازی کی۔پشاور پولیس نے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پہلی بار ایپلی کیشن استعمال کی،سکیورٹی ایپ کے نام سے تیار ایپلی کیشن میں الرٹ بزر سسٹم بھی رکھا گیاتھا۔