کراچی(آن لائن، این این آئی )چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ مسلمان ملک رہے گا ،دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کرسکتی،18 سال پہلے امریکہ نے غلطی کی تھی جس کا آج اسے احساس ہو رہا ہے کہ مسئلہ کا حل سیاسی افہام و تفہیم ہے ۔انہوںنے کراچی یونیورسٹی میں پاکستانیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا 66 فیصد پاکستانی 30 برس سے کم عمر کے ہیں، پاکستان نوجوانوں کا ملک ہے ،سوشل میڈیا کے ذریعے سے جھوٹ بھی سچ کے ساتھ ملا دیا جاتا ہے ، نوجوانوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے ، اس لیے نیشنل ازم کو ابھارنے کی ضرورت ہے ،نوجوانوں نے پاکستان کا پرچم تھامے رکھنا ہے ۔انہوں نے کہا بھارت میں مسلمان مشکلات کا شکار ہیں، وہاںمسلمانوں کے گھر جلائے جاتے ہیں، 42 فیصد مسلمانوں کو ان کے پڑوسی قبول نہیں کرتے ۔ جنرل زبیر کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا میں پاکستان سب سے بڑی سائنسی قوت ہے ۔