دوحہ (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے سولہ سالہ احسن رمضان نے فائنل میں 30 سالہ ایرانی عامر سرکوش کو کانٹے کے مقابلے میں 6-5 فریمز سے شکست دے کر قطر میں منعقدہ آئی بی ایس ایف ورلڈ مینز سنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔ بیسٹ آف 11 فریمز پر مشتمل فائنل میں ایک موقع پر مقابلہ 5-5 فریمز سے برابر تھا۔ احسن رمضان اعصابی جنگ کے فیصلہ کن فریم میں 67-25 سے کامیابی حاصل کرکے عالمی چیمپئن بن گئے ۔ احسن رمضان سنوکر میں عالمی اعزاز حاصل کرنے والے تیسرے پاکستانی ہیں، قبل ازیں محمد یوسف اور محمد آصف نے ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔سولہ سالہ احسن رمضان نے ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں 147 بریک کا ورلڈ ریکارڈ بھی بنایا۔ 147 بریک سکور کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے کم عمر ترین کیوئسٹ بننے میں بھی سرخرو ہوئے ۔واضح رہے کہ پاکستان نے چوتھی مرتبہ ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا ہے ، اس سے قبل محمد آصف دو بار اور محمد یوسف ایک بار ورلڈ چیمپئن بن چکے ہیں۔