راولپنڈی(نامہ نگار خصوصی)راولپنڈی میں پابندی کے باوجود جمعہ کے روز بسنت منائی گئی، آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے سج گیا، ہوائی فائرنگ سے 2سالہ بچی اور2خواتین سمیت12افراد اندھی گولی کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گئے ۔ آتش بازی، ہلڑ بازی اور پتنگیں لوٹنے کے دوران بھی متعدد بچے اور نوجوان زخمی ہو گئے ۔بسنت اور پتنگ بازی کے باعث تمام دن چھتوں پر طوفان بدتمیزی برپا رہا ۔اونچی آواز میں گانوں کی آوازوں سے کانوں پڑی آواز سنائی نہ دیتی تھی ۔ پولیس اور پتنگ بازوں کے درمیان تمام دن آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔پولیس کا گاڑیوں پر سپیکر لگا کر پتنگ بازی سے باز رہنے اعلان کرنا اور سڑکوں پر ناکے لگا نابھی کسی کام نہ آیا۔ تاہم پولیس نے پتنگ فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 320افراد گرفتار کر کے 6ہزار پتنگیں اور45 ڈوریں برآمدکرلیں۔ گزشتہ روزہونے والی پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے اور مجموعی طور پر پولیس پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق راول ڈویژن سے 260 جبکہ پوٹھوہار ڈویژن سے 60افراد کو حراست میں لیاگیا۔