اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ) راولپنڈی پولیس کی جانب سے ڈارک ویب سکینڈل میں بازیاب کرایا گیا واحد گواہ 11 سالہ عدیل چند روز بعد ہی اسلام آباد سے دوبارہ اغواکر لیا گیاجسے بعدازاں پیرودھائی ے علاقے سے بازیاب کرلیا گیاہے ۔ پولیس کے اعلیٰ افسروں نے معاملے کی اہمیت کو حساس سمجھتے ہوئے بچے کی جلد از جلد بحفاظت بازیابی کے لئے پولیس ٹیمیں فوری متحرک کیں ۔بچے کے دوبارہ اغوامیں مبینہ طور پر مرکزی ملزم کے ساتھیوں کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیاگیا تھا۔ تھانہ کھنہ پولیس کو کریم خان نے بتایا کہ اس کے 11 سالہ بھتیجے عدیل خان کو یونس اوردیگر نامعلوم ملزمان نے اغواکیا ،جس پر پولیس نے مقدمہ درج کیا۔ انتہائی اہم کیس کے واحد گواہ کے دوبارہ اغواپر ایس پی رورل نے بچے کی بازیابی کے لئے 48 گھنٹے کا وقت دیا تھا تاہم راولپنڈی پولیس کی خصوصی ٹیموں نے چندگھنٹے میں ہی بچے کو پیر ودھائی سے بر آمد کرلیا۔