کراچی ( سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ) ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ، پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست کاروبار کا تسلسل جاری رہا ، مسلسل تیسرے روز کاروباری حجم ایک ارب شیئرز سے تجاوز کرگیا۔ ٹریڈنگ کے دوران اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو بھی ملا، ایک موقع پر انڈیکس 47246.50 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھاتاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور سٹاک مارکیٹ میں 335.54 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث 47 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی اور انڈیکس 47126.29 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔100 انڈیکس 4سال کی بلندترین سطح پربند ہوا۔ 3 اگست 2017 کومارکیٹ 47 ہزارکی سطح پر بند ہوئی تھی۔پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.72 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 22 کروڑ 36لاکھ 96 ہزار 244 ولیم کا کاروبار ہوا۔ 64ارب روپے کے اضافے سے سرمائے کا مجموعی حجم 81کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ،کاروباری تیزی کے سبب58فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ جمعہ کوٹیلی کام ،بینکنگ ،پیٹرولیم، سٹیل ،آئل اینڈ گیس ،توانائی اور فوڈز سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران کاروباری سرگرمیاں بلندی کی جانب گامزن رہیں ، مارکیٹ کے سرمائے میں64ارب56کروڑ33لاکھ98ہزار149روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم80کھرب66ارب 69کروڑ71لاکھ 79ہزار498روپے سے بڑھ کر 81کھرب31ارب 26کروڑ5لاکھ 77ہزار647روپے ہو گیا۔جمعہ کو مارکیٹ میں 22ارب روپے مالیت کے 95کروڑ98لاکھ 86ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔دریں اثناء انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں10پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید154.55روپے سے کم ہو کر154.45روپے اور قیمت فروخت154.65روپے سے کم ہو کر154.55روپے پر آ گئی ، اوپن کرنسی مارکیٹ میں 30پیسے کی کمی سے ڈالر کی قیمت خرید154.50روپے سے گھٹ کر154.40روپے اور قیمت فروخت155روپے سے گھٹ کر154.70روپے پر آ گئی۔