لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے 29 میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دیکر ریکارڈ 9ویں فتح حاصل کی جبکہ 28ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 23 رنز سے شکست دے دی جس کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم نے پی ایس ایل کا ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا ، وہ اس ٹورنامنٹ کے ایک ایڈیشن میں 9 میچز ہارنے والی پہلی ٹیم بن گئی جبکہ کنگز کے بعد گلیڈی ایٹرز بھی ٹائٹل دوڑ سے باہر ہو گئی۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ۔ایونٹ میں چارچار کامیابیوں کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پوائنٹس کی تعداد آٹھ آٹھ ہے تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کی۔ ملتان سلطانز کی ٹیم نے 106 رنز کا ہدف 17ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کرلیا۔ کپتان محمد رضوان نصف سنچری سکور کرکے نمایاں رہے ۔ڈیوڈ ویلے 28 سکور پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ لیام ڈاسن نے تین اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر105 رنز بنائے تھے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے چھ بیٹرز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکے ۔ موسیٰ خان نے ناٹ آؤٹ 26رنز بنائے ۔ لیام ڈاسن 22 اور ناصر نواز 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ چار اوورز میں آٹھ رنز دیکر دو وکٹیں لینے والے عمران طاہر مین آف دی میچ رہے ۔ پہلے میچ میں کوئٹہ نے کراچی کنگز کو 23 رنز سے ہرا دیا،کوئٹہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اووز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے ۔ جیسن روئے 82، ول سمیڈ 10، جیمس ونس29، عمر اکمل 2،افتخار احمد نے 21 رنز بنائے ۔ کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنا سکی۔ کلارک نے 52، بابر اعظم 36، شرجیل خان 16، قاسم اکرم 9، راحیل نذیر 8 جبکہ عماد وسیم 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد نے 22 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ ادھر ایونٹ کے اگلے مرحلے میں ملتان سلطانز ، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور اب اسلام آباد یونائیٹڈ نے جگہ بنائی ہے ۔ایونٹ سے باہر ہونے والی دو ٹیموں میں کراچی کنگز کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہے ، آج گروپ سٹیج کا آخری میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان شام ساڑھے سات بجے کھیلا جائے گا۔