راولپنڈی (نیٹ نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنر ل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا دشمن پاکستا ن اور خطے کوعدم استحکام کا شکار کر ناچاہتا ہے ، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کر کے عید الاضحیٰ اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں اور افسران کے ساتھ منائی ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی کے کھوئی رٹہ سیکٹر کا دورہ کیا اور تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید کا دن گزارا، اپنے خطاب میں پاک جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا عیدالاضحی غیر مشروط قربانی کا مظہر ہے ، قربانی کے جذبہ کو فوجی جوان سے بہتر کوئی نہیں جان سکتا، استصواب رائے کے حق کیلئے بھارتی غاصب فوج سے برسرپیکار پرعزم کشمیریوں کا ہمیشہ ساتھ دیں گے ۔ تمام مشکلات کے باوجود بھارتی مظالم کا بہادری سے سامنا کرنے والے کشمیریوں کے استصواب رائے کے حق میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا ارادہ کرتے ہیں۔ ہم اپنے دشمن کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں، آرمی چیف نے فوجی جوانوں کے حوصلے اور عزم ،کنٹرول لائن پر آپریشنل تیاریوں اور مسلسل مؤثر نگرانی پر جوانوں کو سراہا، آرمی چیف نے کہا کشمیری تمام مشکلات کے باوجود استصواب رائے کے حق پر ڈٹے ہوئے ہیں، کشمیری جرأت و بہادری سے بھارتی ظلم اور تشدد کا سامنا کر رہے ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے ، آرمی چیف نے این آئی سی، این آئی ایچ ڈی کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے این ای پی سی اے آر ڈی کی سنگ بنیاد بھی رکھا، اس ادارہ میں دل کی بیماریوں اور ان کی روک تھام کے اقدامات پر ریسرچ کی جائے گی۔ آرمی چیف نے منصوبہ میں آرمی میڈیکل کور کی شراکت کو سراہا اور کہا اے ایف آئی سی اور این آئی ایچ ڈی قومی سطح پر اعلی سطح کی میڈیکل کیئر فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کورونا وبا کیخلاف ڈاکٹروں اور ہیلتھ ورکرز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ دریں اثنا چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل چین وین ونگ نے وفد کے ہمراہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 93ویں سالگرہ کے موقع پر آئی ایس پی آر کا دورہ کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے چینی وفد کا خیرمقدم کیا اور پی ایل اے کے قیام کی سالگرہ پر چینی وفد کو مبارکباد دی، آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے چینی وفد کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فوج اور پی ایل اے پاک چین سٹرٹیجک تعلقات کا اہم جزو ہیں، دونوں مسلح افوا ج کے درمیان برادرانہ تعلقات پر فخرہے ۔ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل چین وین رونگ نے کہا کہ پاک چین ملٹری تعلقات گزرتے وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں، پاک چین دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے گی، چین کورونا کے دوران پاکستان کی تمام شعبوں میں کوششوں کو سراہتا ہے ۔