اسلام آباد،لاہور(خبر نگار،کامرس رپورٹر) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ضمنی الیکشن شفاف بنانے کیلئے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز ،تمام ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران،ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ انتخابات کو آزادانہ، شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے تمام اقدامات کئے جائیں۔ جاری اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے یہ ہدایات بھی جاری کر دی ہیں کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے اور اگر کوئی بھی امیدوار انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق بھر پور کارروائی کی جائے ۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور اگر ضرورت پڑے تو رینجرز سے بھی مدد لینے سے اجتناب نہ کیا جائے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے یہ بھی وضاحت کر دی کہ اگر ان ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ افسرکے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے ۔75 سیالکوٹ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر سوئی گیس پائپ لائن بچھانے اور ضلعی مانیٹرنگ آفیسر کو دھمکیاں ملنے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ذمہ داران و ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی ہدایت کردی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق این اے ۔75 سیالکوٹ میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عبدالحمید کی جانب سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز سیالکوٹ ریجن کو جاری شدہ حکم نامے کا چیف الیکشن کمشنر نے نوٹس لیتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے اعلان و اجراء کی پابندی کی خلاف ورزی برتنے والے سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کے تمام ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اس ضمن میں ایم ڈی سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کو ایک مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے ۔ کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق الیکشن کمیشن نے سندھ میں 11 افسروں کے تقرروتبادلے کردیئے ہیں۔کراچی کے نئے ضلع کیماڑی میں سیدہ حمیرہ بنت نازکو ضلعی الیکشن کمشنر تعینات کردیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے 11 افسروں کو ترقی بھی دی ہے ۔