لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے لاہور شہر میں صفائی کی خراب صورتحال پر سخت برہمی کا اظہارکیا ہے ۔وزیر اعلی عثمان بزدارنے واضح ہدایات کے باوجود شہر میں صفائی کے انتظامات میں بہتری نہ لانے پر ایکشن لیتے ہوئے ایم ڈی لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شاہ زیب حسنین کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیدیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ شہر میں کوڑا کرکٹ کو اٹھانا اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانا ایل ڈبلیو ایم سی کی ذمہ داری ہے لیکن واضح ہدایات کے باوجود زیرو ویسٹ آپریشن کو یقینی نہیں بنایا گیا۔لاہور کے مسائل حل کرنے کیلئے 3 گھنٹے طویل اجلاس میں لائن آف ایکشن پر پیش رفت کا جا ئزہ لیاگیا۔ ہر محکمے نے ایک ماہ کے دوران مسائل کے حل کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہورپاکستان کا دل ہے ۔لاہور کے مسائل کو سب کی مشاورت سے حل کرنے کی حکمت عملی بنائی ہے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ جو ٹاسک دیئے ہیں وہ ہر صورت پورے ہونے چاہئیں۔کوئی بہانہ بازی نہیں چلے گی۔پارکنگ ایشوزکے حل،ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری اورجرائم کے خاتمے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات چاہتا ہوں۔شہر میں گداگروں کے خلاف بھر پور مہم چلائی جائے ۔سڑکوں پر گداگرنظر نہیں آنے چاہئیں اورگدا گروں کو Beggar homeمیں رکھا جائے ۔ منشیات کے عادی افراد کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید سختی کی جائے ۔سٹریٹ لائٹوں کی بحالی کا کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے ۔تجاوزات کے رحجان کے خاتمے کے لئے موثر منصوبہ بندی کر کے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ صوبائی وزرائ،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اورپی ٹی آئی کے رہنماؤں نے لاہور کے مسائل کے حل کیلئے تجاویز دیں ۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ سرگودھا میں دربار سیال شریف گئے اورپیر حمید الدین سیالویؒ کے انتقال پر سوگوار خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے حضرت خواجہ حمیدالدین سیالویؒ کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔علاوہ ازیں انہوں نے چونیاں کے علاقے میں 5 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او سے رپورٹ طلب کر لی ۔