کراچی(نیٹ نیوز ) عالمی میڈیا نے بھارت کی لائن آف کنٹرول پر پاکستانی حدود میں فضائی کارروائی کے دعوے کو بڑھک قرار دیدیا۔جھوٹ اور پروپیگنڈے کی فیکٹری بھارتاپنی ہزیمت کو چھپانے کیلئے روایتی دروغ گوئی کا سہارا لیتے ہوئے سرجیکل سٹرائیک کی مضحکہ خیز بھڑک مارتے ہوئے شدت پسندوں کے ’خوابی ٹھکانوں‘ پر حملے میں کئی دہشتگردوں کی ہلاکت کا بھونڈا دعویٰ کر بیٹھا۔بھارت کے سرجیکل سٹرائیک کے گزشتہ دعوے کی طرح اس بار بھی جہاں پاک فوج کے ترجمان نے فوری ردعمل میں بھارتی جھوٹ کی قلعی کھول دی وہیں عالمی میڈیا نے بھی بھارتی دعوے کو آڑی ہاتھوں لیا۔ نیویارک ٹائمز نے بھارتی دعوے کو بے پر کی اُڑائی ہوئی خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ٹھوس ثبوت کی فراہمی میں ناکام رہا ہے ۔ برطانوی اخبار دی گارجین نے بھی بھارتی دعوے کو بڑھک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مبالغہ آرائی پر مبنی دعوے پر یقین کرنا بہت مشکل ہے ۔سرجیکل سٹرائیک نہایت ٹیکنیکل معاملہ ہوتا ہے جس میں شواہد کو چھپانا ممکن نہیں ہوتا، تاہم بھارت اپنے دعوے میں کوئی ایک ثبوت بھی پیش نہیں کرسکا ہے ۔