کراچی (سٹاف رپورٹر)پی آئی اے نے نجف عراق کے لیے باقاعدہ فضائی سروس کا آغاز کردیاہے ، پی آئی اے کی پہلی شیڈول پرواز پی کے 219، 91 مسافروں کولے کر نجف پہنچی،پرواز کے ساتھ عراقی سفیر حامد عباس لفتہ اور سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک بھی نجف پہنچے ۔کراچی ائیر پورٹ پر ایک سادہ سی تقریب میں سی سی او پی آئی اے ، وفاقی سفیر، جید علماء اور مسافروں نے مل کر کیک کاٹا۔نجف ائیرپورٹ پر گورنر نجف، پاکستانی سفیر، عراقی سول ایوی ایشن کے سربراہ اور مذہبی رہنماوں کا استقبال کیا۔اس موقع پرسی ای اوپی آئی اے ائیرمارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان سے محبت اور سلامتی کا پیغام لے کر آئے ہیں عراق پاکستانی مسلمانوں کیلئے اہم منزل ہے اور تمام فقہائے کرام کے پیروکاروں کیلئے مقدس ہے ۔گورنر نجف نے کہاکہ پی آئی اے اور پاکستانی زائرین کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ،کوشش ہے ویزا نظام کو اور آسان بنایا جائے ۔پاکستانی سفیراحمد امجد علی نے کہاکہ پی آئی اے کی شیڈول پروازیں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط کریں گی اب کوشش ہوگی کہ نجف کے بعد پی آئی اے بغداد کے روٹ کو بھی جلد شروع کرے ۔