لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے وزیر اعظم کو "زیادہ یوٹرنز لینے والا بڑا آدمی " کا فلسفہ چھوڑناہوگا،عمران اپنی کسی بات پر توقائم رہیں ،کوئی ایک وعدہ تو پورا کریں،موجودہ حکومت میں پیاروں کے وارے نیارے ہیں،وزیر اعظم کے پیارے راج دلارے اور باقی سب بے چارے ہیں، حکومت کا کوئی منشور ہے نہ یہ کسی نظریے کی بنیاد پرآئی ہے ،خود کو احتساب سے بالا تر سمجھنے والے دوسروں کا احتساب نہیں کرسکتے ،غربت ،مہنگائی اور بے روز گاری کے ہاتھوں تنگ عوام حکمرانوں سے نجات کی دعائیں کرتے ہیں۔جھونپڑیوں والوں نے عالی شان محلوں کا محاصرہ کرلیا تو حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا،ظلم و جبر کا استحصالی نظام تلپٹ ہونے والا ہے ،قوم نے جرنیلوں اور سیاسی پارٹیوں کو بار بار آزمایا،اب ایک موقع نظام مصطفی ﷺ کو دیں جوتمام مسائل کا حل ہے ۔ گوٹھ میر سردار خان لاشاری جعفر آباد میں رئیس خادم حسین لاشاری کی طرف سے اپنے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاحکمرانوں نے ملک و قوم کو سوائے پریشانیوں اورمشکلات کے کچھ نہیں دیا،72سالوں سے ملک پر ایک ہی طبقہ اور ایلیٹ کلاس مسلط ہے جس نے کرپشن ،اقربائپروری اورذاتی مفادات کی تکمیل کو ہی اپنی کارکردگی سمجھا۔ سراج الحق نے کہا بلوچستان کے معدنی اور قدرتی وسائل کو صوبے کی ترقی کیلئے استعمال نہیں کیا گیا ،بلوچستان میں ہرجگہ پسماندگی ،محرومیاں اور مجبوریاں نظر آتی ہیں،یہاں کے حکمرانوں نے عوام پر فرعونی نظام مسلط کئے رکھا ۔ سراج الحق نے اوستہ محمد میں سردار ہارون خان جمالی کے استقبالیہ میں شرکت اور میر عطائاللہ خان بلیدی سے ملاقات کی۔