واشنگٹن(این این آئی)وزیراعظم عمران خان کل تین روزہ دورہ پر امریکہ روانہ ہوں گے ۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر امریکہ کا تین روزہ دورہ کریں گے ۔ وزیراعظم عمران خان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوگی۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کانگریس ارکان، کارپوریٹ سربراہان اور پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے ۔ وزیراعظم امریکہ میں مختلف تقاریب میں نیا پاکستان وژن سے آگاہ کریں گے ۔ وزیراعظم امریکہ کے ساتھ کثیر جہتی تعلقات کی اہمیت کا بھی بتائیں گے ۔ ذرائع نے بتایا وزیر اعظم افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے عزم سے آگاہ کریں گے ۔ وزیر اعظم اپنے دورہ امریکہ کے دوران پاکستان کی پرْ امن ہمسائیگی کی پالیسی پر روشنی ڈالیں گے ۔قبل ازیں ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر ٹرمپ وزیراعظم عمران خان کا 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس آنے پر خیر مقدم کریں گے ۔ وزیراعظم عمران خان کے دورے میں پاک امریکہ تعاون کی مزید مضبوطی توجہ کا مرکز ہو گی، صدر ٹرمپ اور وزیرعظم عمران خان کے درمیان انسداد دہشتگردی، دفاع، توانائی اور تجارت سے متعلق امور پر بات چیت ہو گی۔ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا مقصد جنوبی ایشیا میں امن اور پاک امریکہ دیرپا شراکت داری کا ماحول پیدا کرنا ہے ۔ اسلام آباد، واشنگٹن (وقائع نگار خصوصی، آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ امریکہ میں عسکری قیادت بھی ان کے ہمراہ ہو گی، وزیراعظم کی امریکی صدر سے 2ملاقاتیں ہونگی جبکہ آئی ایم ایف حکام سے بھی ملاقات ہوگی۔ انہوںنے واشنگٹن میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ٹرمپ کی خواہش ہے کہ عمران خان وائٹ ہائوس کا دورہ کریں ، وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں وائٹ ہائوس میں ظہرانہ بھی دیا جائیگا۔ عمران خان اور ٹرمپ کے درمیان ایک ملاقات اوول آفس جبکہ دوسری کیبنٹ روم میں ہو گی ،کمیونٹی ایونٹ کے بعد پاکستان بزنس سمٹ کے نام سے ایک نشست ہو گی جس میں امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی سمیت کاروبار سے وابستہ افراد شرکت کرینگے ، سرکاری مصروفیات کے بعد وزیراعظم کیپٹل ون ارینا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب بھی کرینگے ۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاک امریکہ تعلقات میں دو طرفہ معاملات نظرانداز ہوتے رہے تاہم وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے تعلقات کو فروغ ملے گا، امریکہ کے ساتھ سمٹ لیول پر نشست 5برس بعد ہونے جا رہی ہے ۔ ادھر وزیر خارجہ نے جاپان میں سٹوڈیو میںہونیوالی آتشزدگی کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔