لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عید کے روز ریل گاڑیوں کا کرایہ آدھا ہوگا،اس وقت ملک میں مہنگائی ان چوروں کی وجہ سے ہے جو شور ڈال رہے ہیں،عید کے بعد کوئی بھی سڑکوں پر نہیں نکلے گا، صرف ایک مولوی ہے جو بپھرا ہوا ہے ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی احتجاج کیلئے باہر نہیں نکلیں گی۔پروگرام نائٹ ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عید کے بعد شور ہوا تو لمبا ہی شور نہ پڑ جائے ،ن لیگ میں فارورڈ بلاک بنا ہوا ہے ، سعد رفیق فارورڈ بلاک کے سرغنہ ہیں۔انہوں نے کہا عوام کو ایک سال پریشانی سے گزرنا پڑے گا،ہوسکتا ہے کہ عید کے بعد کابینہ میں بھی ایک دو لوگ نئے آجائیں۔انہوں نے کہا تحریک انصاف عمران خان کا نام ہے ، اس میں بہت سے ایسے لوگ جیت کر آئے ہیں جو کونسلر نہیں بن سکتے ،میں عمران خان کے سوااس پارٹی کو کچھ نہیں سمجھتا،تحریک انصاف میں سکینڈ لیڈر شپ کا بڑا قحط ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا زرداری کو مان لے ڈوبے گا،اس کی سوچ غلط ہے کہ وہی ڈان اور ان داتا ہے ، جووہ کرے گا وہی ہوگا،مجھے تو بلاول کی فکر لگی ہوئی ہے ، آصف زرداری بلاول کو بھی مروائے گا۔انہوں نے کہا سول کورٹس سے ان کی جتنی ضمانتیں ہونی تھیں، ہوچکیں، اب شاید ان کی ضمانتیں بھی نہ ہوں۔