لاہور (خصوصی نمائندہ) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ لیگی رہنما بغلیں بجانے کے بجائے احتساب کیلئے تیار ہو جائیں،قرضوں سے متعلق تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ جلد سامنے آرہی ہے ۔اپنے ویڈیو بیان میں وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ رانا ثنا کا دعویٰ ہے کہ جہاز والے کے جانے سے پی ٹی آئی کی حکومت گرجائے گی،مگررانا ثنا ایک دفعہ پھر موٹی عقل والے ثابت ہوئے ہیں کیونکہ اگر جہاز کی بنیاد پر حکومت بنتی تو شاہد خاقان عباسی کے پاس پوری ایئرلائن ہے ،اس بنیاد پر ن لیگ کو 2 کے بجائے 3تہائی اکثریت سے حکومت بنانی چاہیئے تھی۔ ن لیگ کے 2008سے 2018تک کے دور میں 30000 ارب کا قرضہ قوم پر مسلط کیا گیا،اس قرضے پر بنائے گئے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ جلد سامنے آ رہی ہے ،رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد لیگی رہنما منہ چھپاتے پھریں گے ۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ حکومتیں پارٹی لیڈر کے ویژن، سوچ اور جدوجہد سے بنتی ہیں،تحریکِ انصاف کے مخالفین، تجزیہ نگار، اپنے اور پرائے یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ پی ٹی آئی کی حکومت وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور بائیس سالہ جدوجہد کی بنیاد پر قائم ہوئی ہے ۔