لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیر اہتما م تاریخی اتحاد پنجاب پولو کپ 2022ء ٹیم نیوایج کیبلز /ماسٹر پینٹس نے جیت لیا۔ فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ٹیم باڑیز کو 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور پولو کلب میں تاریخی اتحاد پنجاب کپ کا فائنل دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی امریکن قونصل جنرل ولیم مکانول، اتحاد ٹیکسٹائل کے سی ای او شیخ ناظم، لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق، سیکرٹری آغا مرتضیٰ علی خان، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز اور پولو کھلاڑیوں کی ایک بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔قبل ازیں سب سڈری فائنل میں ٹیم ایچ این پولو نے دلچسپ مقابلے کے بعد ری ماؤنٹس کی ٹیم کو 9-6 سے ہرایا ۔اختتامی تقریب میں امریکن قونصل جنرل ولیم میکانول اور شیخ ناظم نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے ۔ اس موقع میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ نیوایج کیبلز کے گونزالو ڈیلٹور کو دیا گیا۔ جبکہ میچ کی بہترین گھوڑی ماسٹر پینٹس کے صوفی محمد فاروق کی گھوڑی بمبا کو دیا گیا ۔