لاہور(نمائندہ خصوصی سے )پنجاب کے اندرونی اور بیرونی قرضوں کی مد میں گزشتہ برس کے مقابلے میں بڑے پیمانے میں اضافہ ۔ بجٹ دستاویزات نے معاملہ اوپن کر دیا۔مالی سال2019-20 کے لئے تیار کردہ بجٹ دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال 2018-19 کے آغاز میں پنجاب کا مجموعی قرض قرضہ 693.37 ارب روپے تھا جو بڑھ کر 841.45 ارب روپے ہو گیا ہے ۔حکومت پنجاب کے ذمہ گزشتہ برس 682 ارب روپے سے زائد بیرونی قرضے تھے جو ایک سال میں بڑھ کر 832 ارب روپے سے زائد ہو گئے ہیں۔رواں مالی سال پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری کے لئے 335.95 ارب روپیہ اندرونی قرضہ لیا گیا۔بیرونی قرضہ جات میں سب سے زیادہ 29 فیصد قرضہ زراعت و لائیوسٹاک کے منصوبوں کے لئے لیا گیا۔تعلیم کے شعبہ کے لئے مجموعی بیرونی قرضوں کا 23 فیصد قرض لیا گیا۔ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے لئے 22 فیصد اور صحت کے منصوبوں کے لئے 5 فیصد بیرونی قرضہ جات سے قرضہ لیا گیاجبکہ پنجاب کے ذمہ وفاق سے لئے گئے قرضوں پر 10.9 فیصد سود پر 8.65 ارب روپے کا قرضہ بھی واجب الادا ہے ۔